• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپریل، مئی میں بھارت سے پاکستان کی درآمدات میں 2 گنا اضافہ

کراچی (نیوز ڈیسک) تجارتی پابندی کے باوجود اپریل،مئی میں بھارت سے پاکستان کی درآمدات میں 2گنا اضافہ ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھارت نے فروری 2019میں پاکستان کے لیے سب سے پسندیدہ ملک (ایم ایف این) کا درجہ واپس لے لیا تھا اور پلوامہ دہشت گردانہ حملے کے بعد پاکستان سے تمام درآمدات پر 200فیصد ٹیرف لگا دیا تھا۔ اپریل میں پاکستان میں حکومت کی تبدیلی کے موقع پر اسلام آباد کی جانب سے اپنے مشرقی پڑوسی کے ساتھ تجارت پر پابندی کے باوجود ملک نے بھارت سے اپنی درآمدات میں اضافہ کر دیا۔ وزارت تجارت کی ویب سائٹ پر دستیاب تجارتی اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ اپریل-مئی کے عرصے میں پاکستان کو بھارت کی برآمدات دگنی سے زیادہ ہو کر 142ملین ڈالرز تک پہنچ گئیں جو ایک سال پہلے کی اسی مدت میں 70ملین ڈالرز تھیں۔ زیر جائزہ مدت کے دوران 86ملین ڈالرز کی چینی کی برآمدات ہوئیں ۔ مالی سال 23کے پہلے دو ماہ کے دوران پاکستان نے بھارت سے 282اشیاء درآمد کیں جن میں سے 67ادویات کی مصنوعات تھیں۔ چینی اور ادویہ سازی کی مصنوعات کے علاوہ، پاکستان نے نامیاتی کیمیکلز، ملبوسات اور ٹیکسٹائل، معدنی ایندھن، کافی، چائے وغیرہ درآمد کئے۔ بھارت کی جانب سے پاکستان سے درآمدات نہ ہونے کے برابر ہیں۔
اہم خبریں سے مزید