• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تاشقند میں پاک بھارت وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات کا امکان نہیں

کراچی (نیوزڈیسک) شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں پہلی بار پاکستان اور بھارت کے وزرائے خارجہ ایک چھت تلے ایک ہی میز پر موجود ہوں گے، تاہم سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں کے درمیان ملاقات کا کوئی امکان نہیں۔ اجلاس میں چینی وزیرخارجہ وانگ ژی بھی شریک ہوں گے۔ قبل ازیں بھارتی میڈیا نے سفارتی ذرائع کے حوالے سے بتایا تھا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں پہلی بار ہندوستان اور پاکستان کے وزرائے خارجہ کی ذاتی طور پر بات چیت ہو سکتی ہے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کا اجلاس آج سے تاشقند میں ہو رہا ہے جس میں شرکت کے لیے وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری ازبکستان پہنچ رہے ہیں۔ شنگھائی تعاون تنظیم وزرائے خارجہ کا اجلاس ازبکستان میں دو دن جاری رہے گا۔دریں اثناءازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں ہونے والی کانفرنس میں طالبان حکومت کے طرز حکمرانی کا بھی جائزہ لیا جائے گا، امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق کانفرنس کی توجہ انسداد دہشت گردی پر مرکوز ہوگی، طالبان نمائندے کانفرنس میں شرکت کرنے والے 20سے زائد ممالک کے وفود سے ملاقات کریں گے۔ سلامتی کونسل نے رپورٹ دی ہے کہ افغانستان میں طالبان حکومت آنے کے بعد ملک ایک بار پھر دہشت گردوں کیلئے محفوظ ٹھکانہ ثابت ہورہا ہے جس کے بعد پڑوسی ممالک میں افغانستان سے متعلق خدشات بڑھ رہے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق تاشقند کانفرنس کا بنیادی مقصد تو سکیورٹی اور اکنامنک ڈیولپمنٹ ہے تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ کانفرنس کی اصل توجہ انسداد دہشت گردی پر مرکوز ہوگی۔ ایران، پاکستان، چین اور وسطی ایشیا کے ممالک سمیت 20سے زائد ممالک کے وفود اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اجلاس میں امریکا، روس، بھارت اور اقوام متحدہ کے وفود بھی شرکت کریں گے۔
اہم خبریں سے مزید