کوئٹہ(خ ن)ملاوٹی دودھ کی فروخت و سپلائی کے تدارک کیلئے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کوئٹہ شہر اور ضلع ژوب میں ہفتہ و اتوار کو کریک ڈاؤن کرتے ہوئے ایک ملک سپلائی یونٹ سیل جبکہ 10 ملک شاپس پر جرمانے عائد کردئیے ۔ کوئٹہ میں بی ایف اے کی دو الگ الگ موبائل ٹیموں نے ارباب کرم خان روڈ ، چلتن ہاؤسنگ اسکیم و ملحقہ علاقوں میں قائم ملک شاپس کا معائنہ کیا، دکانوں میں فروخت کئے جانے والے دودھ میں ملاوٹ ثابت ہونے پر 8 ملک شاپس پر جرمانے عائد کئے ۔ ملک سیفٹی ٹیوں نے دودھ کی کوالٹی چیک کرنے اور صفائی کے انتظامات کی جانچ کیلئے علاقوں میں قائم متعدد دودھ فراہم کرنے والے مراکز کا معائنہ کرتے ہوئے دودھ کے نمونے لیکر موقع پر ٹیسٹ کئے ، موبائل لیب کے ذریعے ٹیسٹ کرنے پر 8 ملک شاپس کا دودھ غیر معیاری و ملاوٹی پایا گیا۔بی ایف اے حکام کے مطابق مذکورہ ملک شاپس کے خلاف ایکشن کی وجوہات میں فوڈ بزنس لائسنس کی عدم دستیابی، دودھ میں ملاوٹ و صفائی اور اسٹوریج کے ناقص انتظامات شامل تھے ۔ علاوہ ازیں بی ایف اے زونل انسپکشن ٹیم ژوب نے ڈیرہ اسماعیل خان ژوب شاہراہ و ملحقہ علاقوں میں قائم اشیاء خوردونوش کے مراکز کی چیکنگ کی۔ دودھ میں ملاوٹ کرنے پر 2 ملک شاپس جبکہ زائد المیعاد خوردنی اشیاء برآمد ہونے پر ایک جنرل اسٹور اور ایک کولڈرنک کارنر پر جرمانے عائد کر دئیے گئے ۔ زونل ڈائریکٹر خادم حسین کی سربراہی میں زونل فوڈ سیفٹی حکام نے دودھ کے معیار کی جانچ کیلئے ملک شاپس سے سیمپلز لیکر موقع پر ٹیسٹ کئے ، ٹیسٹ کردہ نمونوں میں 2 ملک شاپس کے دودھ میں ڈیٹرجنٹ کی موجودگی پائی گئی ، مذکورہ دکانوں میں صفائی کی صورتحال بھی خراب اور دودھ ذخیرہ کرنے کیلئے نان فوڈ گریڈ کینز استعمال کئے جارہے تھے ۔ جنرل اسٹور اور کولڈرنک کارنر سے ایکسپائرڈ کولڈرنکس ، بسکٹ ، ٹکی ٹافیاں ، مصالحے اور فنگس زدہ مشروبات برآمد ہوئیں جنہیں بی ایف اے حکام نے قبضے میں لیکر بعدازاں تلف کردیا۔ دوران معائنہ معمولی نقائص پر 5 مراکز کو اصلاحی نوٹسز بھی جاری کئے گئے ۔