لاہور (نمائندہ جنگ )لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شان گل نے سابق چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے خلاف طیبہ گل کی جنسی ہراسانی کے الزامات کے معاملے میں سابق چیئرمین نیب کے خلاف انکوائری روکنے کی استدعا مسترد کردی، عدالت نے جاوید اقبال کیخلاف انکوائری کمیشن کے قیام کیخلاف درخواست پروفاقی حکومت سے 12اگست کو جواب طلب کرلیا، اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے درخواست کے قابل سماعت ہونے کے متعلق اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ اس درخواست کے متعلقہ فریقین کا تعلق اسلام آباد سے ہے،جاوید اقبال کے وکیل صفدر شاہین پیرازادہ نےدرخواست میں وفاقی حکومت کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا ہےکہ درخواست گزارکی شہرت کو نقصان پہنچانے کیلئے سیاسی بنیادوں پر انکوائری کمیشن بنایا گیا ہے، وفاقی حکومت انکوائری کمیشن مفاد عامہ کے معاملےمیں تشکیل دے سکتی ہے، طیبہ گل کے الزامات کے متعلق کیس پہلے ہی دو عدالتوں میں زیر التواء ہے، احتساب عدالت اور وفاقی شرعی عدالت میں پہلے ہی جواب داخل کرایا جاچکا ہے۔