• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دلیہ ایک ایسی غذا ہے جو چھوٹے اور بڑے سب ہی شوق سے کھاتے ہیں۔ ویسے تو اسے کسی بھی وقت تناول فرمایا جاسکتا ہے لیکن عموماً لوگ ناشتے میں اسے کھانا پسند کرتے ہیں۔ دلیہ مختلف اجزاء سے تیار کیا جاتا ہے مگر جَو کا دلیہ زیادہ رغبت سے کھایا جاتا ہے۔ خشک جوَسے بنایا گیا دلیہ غذائیت سے بھرپور، ڈھیروں فوائد کے ساتھ ایک مکمل اناج سمجھا جاتا ہے۔ اس کے ذائقہ اور غذائی اجزاء کو پھل یا دیگر اشیا شامل کرکے مزید بڑھایا جاسکتا ہے۔ جَو کے دلیے کی بھی باقاعدہ ایک ڈائٹ ہے ، جسے اوٹ میل (Oatmeal Diet)کہا جاتاہے۔

اوٹ میل ڈائٹ

اوٹ میل ڈائٹ پر بات کرنے سے پہلے صحت بخش اناج جَو (اوٹ) کی بات کرلیتے ہیں۔ یہ گلوٹن فری ہول گرین ہے جو وٹامنز،منرلز ، فائبر اور اینٹی آکسیڈنٹس کے حصول کا ذریعہ تسلیم کیا جاتا ہے۔ آدھا کپ (78گرام) خشک جَو میں روزمرہ حاصل کیے جانے والے غذائی اجزاء کی تفصیل کچھ یوں ہے؛ مینگنیز (191فیصد)، فاسفورس (41فیصد)، میگنیشیم (34فیصد)، کاپر (24فیصد)، آئرن (20فیصد)، زنک (20فیصد)، فولیٹ (11فیصد)، وٹامن بی (39فیصد) اور وٹامن بی 5(10فیصد)۔

جَو سے بنے دلیے کے حوالے سے مختلف مطالعات اس کے صحت پر پڑنے والے مفید اثرات کو ثابت کرتے ہیں۔ اسے دانشمندی سے اپنی ڈائٹ کا حصہ بنانے کے لیے دن میں ایک یا دو بار استعمال کریں۔ اوٹ میل ڈائٹ پلان دو مراحل پر مشتمل ہے۔

پہلا مرحلہ : پہلے ہفتے میں روزانہ تین وقت معمول کا کھانا کھانے کے بجائے صرف جَو کا دلیہ کھائیں۔ چھنے جَو کے بجائے ثابت جو کا دلیہ کھانا چاہیے۔ اس کے ساتھ کچھ پھل اور اسنیکس بھی کھائے جاسکتے ہیں۔

دوسرا مرحلہ: پہلا ہفتہ گزرنے کے بعد دوسرے ہفتے دن میں ایک یا دو بار کھانے میں دلیا کھایا جائے۔ البتہ ساتھ میں صحت بخش اور کم چربی والی خوراک کے ساتھ ساتھ مزید پھل اور سبزیاں شامل کی جاسکتی ہیں۔

دلیہ کی مناسب مقدار 

جَو کا دلیہ بنانے کے لیے نصف کپ جَو تجویز کیا جاتا ہے۔ ناشتہ اور دوپہر کے کھانے میں یہ دلیہ ہی آپ کا بنیادی کھانا ہوگا۔ البتہ ا س میں تھوڑی مقدار میں بغیر چکنائی والا دودھ یا پھل ملا کر کھایا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ، کم چکنائی والا دہی اور دارچینی ملا کر اس کا ذائقہ بھی بڑھایا جاسکتاہے تاکہ بہتر ذائقہ آپ کو اسے کھانے پر راغب کرے اور آپ اس کے فوائد حاصل کر سکیں۔ 

صبح کے وقت جَو کے دلیہ کے ساتھ زیادہ تر پھل کھانے کی کوشش کریں جبکہ دوپہر میں کچی سبزیوں یا گری دار میوے والے اسنیکس استعمال کیے جاسکتے ہیں۔ رات کے کھانے کے لیے اوٹ میل ڈائٹ پلان میں گرلڈچکن، مچھلی یا ایک چھوٹا اسٹیک کھایا جاسکتا ہے۔ ساتھ ہی آپ اپنے من کو خوش کرنے کے لیے کم کیلوریز والے میٹھے سے بھی لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔

جَو کے فوائد

جیسا کہ ہم نے ذکر کیا کہ جَو یا اوٹ ایک مکمل اناج اور صحت بخش غذا ہے۔ اس کا روزانہ استعمال نقصان نہیں دیتا۔ آدھا کپ جَو کو پانی میں پکایا جائے تو اس کا دلیہ 2گرام غذائی فائبر اور 3 گرام پروٹین فراہم کرتا ہے۔ جوَ میں روازنہ درکار کیلشیم کا 2 فیصد اور 6 فیصد آئرن ہوتا ہے۔ اس میں کیلوری کم اور صرف 1.5 گرام فیٹ ہوتا ہے۔

٭ دلیا کھانے سے دل کی بیماری اور کولوریٹیکل کینسر کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

٭ جو َ پر مشتمل غذابلڈ پریشر کم کرنے اور عمل انہضام میں مددکرتی ہے۔

٭ اس میں فا ئبر کی مقدار بہت زیادہ ہو تی ہے جو آنتوں اور معدہ کے لیے مفید ہے۔

٭ جَو کے مسلسل استعمال سے آنتوں کے کینسر سے بھی بچا جا سکتا ہے۔اس سے قبض بھی نہیں ہو تی۔

٭ چو نکہ اوٹ میل میں اچھی خاصی مقدار میں فاسفور س اور کا پر موجود ہوتے ہیں۔ اس لیے یہ ہڈیوں کو مضبو ط کر تے اور جوڑوں کے درد اور ٭ ہڈیوں کی بیماریوں سے محفوظ رہنے میں مدد کرتے ہیں۔

٭ ا س قدرتی غذا کا استعمال رنگت نکھارنے اور جھریو ں کو روکنے میں بھی مد د کرتاہے۔ اس لیے اسے اپنی صحت مند زندگی کا لازمی حصہ بنانا چاہیے۔

وزن میں کمی

عموماً ڈائٹ پلانز کم کیلوری اور کم چربی والے ہوتے ہیں۔ اوٹ میل ڈائٹ پلان آپ کا وزن کم کرنے کے لیے بہتر ثابت ہو سکتا ہے کیونکہ اسے کھانے کے بعد آپ کھانے کی دیگر اشیا کے مقابلے میں زیادہ دیر تک شکم سیری محسوس کرتے ہیں اور آپ کو جلد کھانا کھانے کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی۔ مزید یہ کہ دلیہ آپ کو فائبر فراہم کرنے اور ہاضمہ کے نظام بہتر رکھنے میں بھی مدد دیتا ہے۔ 

یہ ایک کم خرچ ڈائٹ بھی ہے ، ورنہ تو آپ کو وزن کم کرنے کے لیے زیادہ رقم بھی خرچ کرنی پڑ سکتی ہے۔ کسی بھی صحت مند طرز زندگی یا ڈائٹ پلان کی طرح، یہ تجویز کیا جاتا ہے کہ آپ روزانہ کی بنیاد پر ورزش کی عادت بھی اپنائیں۔ اس سے آپ ہر روز جلنے والی کیلوریز کی تعداد میں اضافہ کریں گے اور ساتھ ہی اپنے جسم کو فٹ بھی رکھ سکیں گے۔

صحت سے مزید