کراچی‘لاہور‘اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر ‘ ایجنسیاں)تحریک انصاف کے کراچی ‘لاہور اور اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے خلاف احتجاجی مظاہرے ‘امپورٹڈحکومت نامنظور کے نعرے ‘چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کا مطالبہ ‘ یادداشت جمع کرائی ۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی رکاوٹوں اور راستے میں بچھائی گئیں تاریں ہٹاتے ہوئے الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کے لیے پہنچے اور چیف الیکشن کمشنرکے خلاف یاد داشت جمع کرانے کے بعد منتشر ہوگئے۔الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کے لیے پہنچنے والے پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی میں سینیٹر فیصل جاوید خان، فواد چوہدری، پرویز خٹک، اسد عمر، اعظم سواتی، شبلی فراز اور کنول شازیب اور دیگر شامل تھے۔پی ٹی آئی اراکین اسمبلی نے الیکشن کمیشن کے دفتر کی طرف مارچ کے دوران ʼامپورٹڈ حکومت نامنظور کے نعرے لگائے۔مظاہرین نے پلے کارڈ بھی اٹھا رکھے تھے، جن میں درج تھا کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا استعفیٰ دے دیں،اس سے قبل پی ٹی آئی اراکین کو الیکشن کمیشن کے دروازے پر پولیس اور رینجرز اہلکاروں نے روکا تھا جبکہ پولیس کے ساتھ اراکین کی ہاتھا پائی بھی ہوئی۔ادھرتحریک انصاف کی جانب سے کراچی میں بھی الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاج میں خواتین کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ کارکنان نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی تصاویر، پلے کارڈز اور بینرز اٹھائے ہوئے تھے جن میں الیکشن کمیشن کے خلاف نعرے درج تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر و صدر پی ٹی آئی سندھ علی زیدی کا کہنا تھا کہ 28 اگست کو بلدیاتی انتخابات میں چوروں کو شکست دینگے۔ یہ لوگ ڈر کے مارے بھاگ جائیں گے۔الیکشن کمیشن کا دفتر بھی پی ڈی ایم کا ہیڈ کوارٹر بن چکا ہے۔ الیکشن کمیشن کو لوٹے کا نشان الاٹ کیا جائے۔اس موقع پرفردوس شمیم نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فارن فنڈنگ کا جھوٹا الزام لگا کر یہ عمران خان کو روکنا چاہتے ہیں انکی یہ خواہش پوری نہیں ہوگی۔