اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ بھارت کبھی کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کو ختم نہیں کر سکتا، پاکستان کشمیری عوام کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھے گا،ہندوئوں کے تعصب نے ثابت کیا کہ دو قومی نظریہ درست تھا۔جمعہ کو بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ 5اگست کو بھارت نے کشمیریوں کے حق پر ایک اور ضرب لگائی تھی، بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام اپنے خون سے کشمیر کی جدوجہد آزادی کو چلا رہے ہیں، ان کی آزادی کی جد وجہد کامیاب ہوگی،انہوں نے کہا پاکستان کے ایٹمی طاقت بننے سے امت مسلمہ میں استحکام کا احساس پیدا ہوا۔دنیا میں مسلمان کہیں پر بھی مشکل کا شکار ہوں تو پہلا ردعمل پاکستان کی طرف سے ہی آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوئوں کے تعصب نے ثابت کیا کہ دو قومی نظریہ درست تھا، ہم مشکلات پر قابو پا رہے ہیں، ملک درست سمت میں گامزن ہے،اس موقع پر چوہدری منظور احمد نے کہا کہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی مختلف ممالک کے طلبا کا ایک گلدستہ ہے، ہم تحقیق میں دوسروں سے بہت پیچھے رہ گئے ہیں ، ہمیں مل کر ملکی معیشت کو بحال کرناہے ،اگلا عشرہ مشرق وسطیٰ کا ہے ۔ صدر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ڈاکٹر ھذال حمود العتیبی نے کہا تعلیم کا فروغ اور امت مسلمہ کی خدمت ہماری اولین ترجیح ہے۔