• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہید صحافی قتل کیس‘ مفرور ملزم کا گرفتار نہ ہونا باعث تشویش ‘ بی یو جے

کوئٹہ(پ ر)بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے شہید صحافی عبدالواحد رئیسانی کے قتل کیس میں مفرور ملزم رفیع اللہ کے ڈیڑھ سال بعد بھی گرفتار نہ ہونے اور ضمانت پر رہا ملزمہ کی عدالت میں مسلسل تیسری پیشی میں غیرحاضری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مطلوب ملزم کو جلد گرفتار اور ضمانت پر رہا ملزمہ کی عدالت میں پیشی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں ۔بی یو جے کے صدر عرفان سعید، جنرل سیکرٹری منظور احمد اور کابینہ کے دیگر ارکان نے مشترکہ بیان میں کہا کہ گزشتہ روز شہید صحافی عبدالواحد رئیسانی قتل کیس کی سماعت ہوئی تاہم بعدازگرفتاری ضمانت پر رہا ملزمہ مسلسل تیسری مرتبہ بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئی، جس پر معزز جج نے برہمی کا اظہار کیا ،صحافی برادری کو عدالت سے انصاف کی پوری امید ہے تاہم بی یو جے سمجھتی ہے کہ متعلقہ پولیس کی جانب سے کیس میں سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جانا ضروری ہے۔ کیس میں مطلوب مرکزی ملزم کو تاحال گرفتار نہیں کیا جاسکا اور اب ضمانت پر رہا ملزمہ بھی عدالت میں مسلسل پیش نہیں ہورہی جس سے شہید صحافی کے اہل خانہ اور صحافی برادری میں تشویش پائی جارہی ہے۔ پولیس کی جانب سے ٹھوس اقدامات نہ اٹھائے جانے کی صورت میں بی یو جے احتجاجی لائحہ عمل طے کرنے پر مجبور ہوگی۔بیان میں آئی جی اور ڈی آئی جی کوئٹہ پولیس سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ کیس کی خود نگرانی کرتے ہوئے متعلقہ پولیس کو مفرور ملزم کی گرفتاری اور ضمانت پر رہا ملزمہ کی عدالت میں پیشی کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کریں ۔
کوئٹہ سے مزید