اسلام آباد ( نمائندہ جنگ،اے پی پی) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمارے شہداء کی قربانیوں کا تمسخر اڑانے اور انہیں برا بھلا کہنے کی سوشل میڈیامہم صرف شرمناک ہی نہیں خوفناک بھی ہے،شہدا کی قربانیوں کا تمسخر اڑانے والے کا عمل قابل افسوس اور قابل مذمت ہے، ایسے لوگوں کا احتساب بہت ضروری ہے، متکبر اور منافقانہ سیاسی نظریہ کم سن ذہنوں میں زہرگھول کربدتہذیبی کوترویج دیتاہے، آخرہمارا معاشرہ کس سمت جا رہا ہے؟ ہمیں شدت سے خود احتسابی کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے یہ بات سما جی رابطے کی ویب سائٹ ٹو ئٹر پر ایک ٹویٹ میں کہی۔دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ فوج کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والوں کی ایف آئی اے تحقیقات کرے۔ علاوہ ازیںوفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان نے کہا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس سے پتہ چلا کہ عمران نیازی کتنا گندا کردار ہے، شہداءکے خلاف نفرت انگیز مہم چلانے والے گندے اور گھٹیا کردار ہیں۔ دریں اثناءپاکستان مسلم لیگ(ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہاہے کہ ہر چیز برداشت کی جاسکتی ہے ، فوج کیخلاف پروپیگنڈہ مہم ناقابل قبول اور ناقابل برداشت ہے، پاک فوج نے ہرآفت ،مصیبت اور مشکل گھڑی میں قوم کی مدد اور خدمت کی،امن وامان کی بحالی اور دہشت گردی کے خاتمے میں فوج نے اہم کردارادا کیا اور قربانیاں دیں۔ انپے بیان میں انہوں نے کہاکہ سانحہ لسبیلہ کے شہدا کے اہلخانہ کے غم اور دکھ میں پوری قوم برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے کہاکہ سیاستدان مصلحتوں کو نظر انداز کر کے فوج ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کریں۔ انہوں نے کہاکہ ہر چیز برداشت کی جاسکتی ہے تاہم فوج کے خلاف پروپیگنڈہ مہم ناقابل قبول اور ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے کہاکہ سیاستدان سیاسی معاملات اور مصلحتیں پس پشت رکھ کر پروپیگنڈہ مہم کوناکام بنائیں اور فوج کی مکمل سپورٹ کریں۔ پیپلز پارٹی کے رہنما سلیم مانڈوی والا نے ایک بیان میں کہا کہ ایک پارٹی کی جانب سے پاک فوج کے خلاف مسلسل پروپیگنڈا کیا جارہا ہے جو انتہائی قابل مذمت ہے۔ سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ تحقیقات کی جائیں کہ پاک فوج کے خلاف پروپیگنڈا کس کی ہدایات اور ایما پر کیا جارہا ہے، ایف آئی اے کو معاملے کی تحقیقات کرکے حقائق سامنے لانے چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی عظیم قربانیوں کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے، شہید ذوالفقار علی بھٹو کی جانب سے دیے گئے آئین میں تمام اداروں کی حدود اور اختیارات کا تعین واضح ہے، اپنی انا اور ضد میں ملکی اداروں کو متنازع بنانا سمجھ سے بالاتر ہے۔