کرا چی (نیوزڈیسک) پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی سینئر رہنما اورسابق وفاقی وزیر شیریں مزاری کو اُن کے امریکی سفیر سے متعلق بیان پر سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا ہے،شیریں مزاری نے امریکی سفیر پر توپوں کا رخ کرتے ہوئےکہا تھا کہ ڈونلڈ بلوم اور ان کے گینگ نے طورخم جاتے ہوئے حساس علاقوںمیں پرواز کی اور جائزہ لیتے رہے۔پی ٹی آئی رہنما کو اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا ہے، سوشل میڈیا پر کسی نے شیریں مزاری کی امریکی سفیر پر تنقید کو مضحکہ خیز قرار دیا اور کہا کہ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کے جس دورے پر تنقید کی جا رہی ہے، وہاں تو پی ٹی آئی کی حکومت ہے اور حکومتی اجازت کے بغیر یہ دورہ ناممکن ہے۔ایک سوشل میڈیا صارف کا یہ بھی کہنا تھا کہ دو دن پہلے جب پی ٹی آئی کی حکومت اسی سفیر سے گاڑیاں وصول کر رہی تھی تب تو آپ کچھ بھی نہ بولیں۔ایک صارف نے استفسار کیا کہ اس ریڈ کارپٹ کے بارے میں کیا خیال ہے جو تحریک انصاف کی خیبرپختونخوا حکومت نے امریکی وائسرائے کو دیا تھا؟