• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حضرت امام حسین ؓکا قیام جرات و استقامت کا باب ،مجلس وحدت مسلمین

لاہور(خبرنگار) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے روز عاشورا کے پیغام میں کہا ہے کہ حضرت امام حسین ؓکا قیام جرات و استقامت کا وہ باب ہے جسے تاقیامت یاد رکھا جائے گا۔حق وباطل کے اس معرکے میں امام عالی مقام ؓنے گنے چنے افراد کے ساتھ میدان میں نکل کر عالم بشریت کو یہ درس دیا کہ افرادی قوت یا جنگی سازو سامان کی کمی ظالم حکمرانوں کے خلاف خاموش رہنے کا جواز نہیں بن سکتی۔انہوں نے کہا کہ یہ وقت امت مسلمہ کے اتحاد و اخوت کا ہے۔مسلمانوں میں تفرقے کی بات یہود و نصارٰی کے اسلام دشمن عزائم کو تقویت دینے کے مترادف ہے۔مسلمانوں کے تمام مکاتب فکر تاریخی و علمی اختلافات پر الجھنے کی بجائے مشترکات پر باہم رہیں تاکہ باطل قوتوں کو ناکام بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت بھی دنیا میں حق و باطل کے دو گروہ موجود ہیں۔ہم نے مظلوم کا ساتھ دینا ہے۔مستکبرین و غاصبین کے مقابلے میں ان لوگوں کے ساتھ کھڑے ہونا ہی اخلاقی و شرعی تقاضا اور بشری ضرورت ہے جو جیو اور جینے دو کی پالیسی پر گامزن ہے۔جو مظلوم و بے گناہ لوگوں سے ان کی زندگیاں چھین رہے ہیں ہم نے ان کا مقابلہ کرنا ہے ان کا ساتھ دینے والوں کے خلاف آواز بلند کرنی ہے۔