لاہور (خصوصی نمائندہ) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حضرت علی ہجویری المعروف حضرت داتا گنج بخش کا مزار منفرد روحانی و تاریخی اہمیت کا حامل ہے اور لاکھوں عقیدت مندوں کے لیے گہری عقیدت و احترام کا مرکز ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز داتا دربار لاہور کے دورے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری / چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ، ایڈمنسٹریٹر داتا دربار محمد علی خان و دیگر افسران بھی موجود تھے۔ قبل ازیں نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے مزار پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور ملک کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی اور داتا دربار کمپلیکس میں جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا اور منصوبے کے مختلف حصوں پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ سیکرٹری/چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے نائب وزیراعظم کو مجموعی ترقیاتی منصوبے، جاری تعمیراتی سرگرمیوں، انفراسٹرکچر کی بہتری اور زائرین کو سہولیات کی فراہمی کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔