کراچی(اسٹاف رپورٹر) اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے آسان موبائل اکاؤنٹ پر ماس میڈیا مہم شروع کردی اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور برطانیہ کے فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس (ایف سی ڈی او )کے اشتراک سے بدھ سے آسان موبائل اکاؤنٹ (اے ایم اے) کے لیے ابلاغ عامہ مہم کا باضابطہ افتتاح کردیا۔اے ایم اے قومی مالی شمولیت حکمت عملی کے تحت ایک اہم اقدام ہے اور اس کا مقصد بینکاری سہولتوں سے محروم افراد کو درپیش مالی مسائل سے نمٹنے میں مدد دینا ہے جس کے لیے انہیں مالی خدمات تک آسان، سستی اور ڈجیٹل رسائی مہیا کی جائے گی جوصرف یو ایس ایس ڈی کوڈ *2262# ڈائل کرنے سے حاصل ہوجائے گی۔اسٹیٹ بینک کی جانب سے ماس میڈیا مہم کے آغاز سے اے ایم اے، اس کے آسان استعمال اور منسلکہ فوائد کے بارے میں عمومی آگاہی پیدا ہوگی جس سے بینکاری سہولتوں سے محروم افراد کو باضابطہ مالی نیٹ ورک میں شامل ہونے کی ترغیب ملے گی۔اس ابلاغ عامہ مہم میں ملک بھر کے تمام اہم ٹی وی، ریڈیو، پرنٹ اور ڈجیٹل پلیٹ فارمز استعمال کیے جائیں گے۔ اردو کے علاوہ یہ مہم علاقائی زبانوں میں بھی چلائی جائے گی ۔