کلرسیداں(نمائندہ جنگ)عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ اورسابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملک تب ترقی کرے گا جب عوام کی رائے کا احترام کیا جائے گا فارم 47کے نتائج سے انتخابات مذاق بن چکے ہیں،ملک کا ہر سسٹم ناکام ہے ،اصلاحات کیساتھ ساتھ ملک میں معاملات کو سلجھانے کی ضرورت ہے،حکومت اور اپوزیشن کی باتیں پارلیمان کے اندر ہونی چاہیں ،عوام اور ملک کی پرواہ کسی کو نہیں ،نون لیگ سے ناراضگی نہیں ،’’اقتدار کو عزت دو‘‘کو اہمیت دینے پر الگ ہوا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز کلرسیداں میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سابق ایم پی اے محمود شوکت بھٹی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سابق وزیر اعظم نےکہا کہ وہی ملک ترقی کرتے ہیں جہاں عوامی رائے کا احترام کیا جاتا ہے ملک ایسے نہیں چلتے جیسے پاکستان کو چلایا جاتا ہے اس سے قومی یکجہتی کی بجائے انتشار فروغ پا رہاہے ۔