بیجنگ(این این آئی )رواں سال پاکستان کی چین کو باسکٹ بال، فٹ بال اور والی بال کی برآمدات میں6.68فیصد اضافہ ہو گیا،چین نے گیارہ ماہ میں پاکستان سے 10.70ملین ڈالر مالیت کے باسکٹ بال، فٹ بال اور والی بال درآمد کیے۔ گوادر پرو کے مطابق پاکستان کی اسپورٹس مینوفیکچرنگ انڈسٹری میں رواں سال نمایاں پیش رفت ہوئی جس کے باعث باسکٹ بال، فٹ بال اور والی بال کی چین کو برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ یہ ترقی اعلی معیار کے کھیلوں کے سامان کے عالمی مرکز کے طور پر ملک کی بڑھتی ہوئی ساکھ اور چین کے ساتھ اس کے مضبوط اقتصادی تعلقات کی نشاندہی کرتی ہے۔ جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز آف چائنا (جی اے سی سی)کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق چین نے 2024 کے پہلے گیارہ ماہ میں پاکستان سے 10.70 ملین ڈالر مالیت کے باسکٹ بال، فٹ بال اور والی بال درآمد کیے جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 6.68 فیصد زیادہ ہیں۔ کھیلوں کے سامان کی برآمدات میں اضافہ پاک چین اقتصادی راہداری(سی پیک)کے فریم ورک کے تحت پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط تجارتی تعلقات کی عکاسی ہے۔