• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہر میں طوفانی بارش، کراچی کیلئے 12 پروازیں منسوخ، فلائٹ آپریشن شدید متاثر

کراچی( افضل ندیم ڈوگر) کراچی میں بدھ کو مسلسل تیز بارش کے باعث جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے 12پروازیں منسوخ کر دی گئیں، اسکردو کی پرواز کو سکھر اتارا گیا جبکہ فلائٹ شیڈول بری طرح متاثر ہوا ہے۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی کراچی سے لاہور کیلئے پرواز پی کے 306 کو منسوخ کردیا گیا۔ پی آئی اے کی فیصل آباد کے لیے پرواز پی کے 340 سوا دو گھنٹے کی تاخیر سے رات 11 بجے روانہ ہوئی۔ پی آئی اے کی کراچی سے اسلام آباد کی شام 4 بجے کی پرواز پی کے 308 تاخیر سے رات 8 بجے روانہ ہوئی۔ اسلام آباد سے ایئربلو کی پرواز پی اے 205 کو بارش کی وجہ سے کراچی میں لینڈنگ کیلئے فضا میں 20 منٹ تک انتظار کرایا گیا۔اسکردو سے کراچی پہنچی پی آئی اے کی پرواز پی کے 456 موسم کی خرابی کی وجہ سے لینڈنگ نہ کر سکی جسے سکھر منتقل کردیا گیا۔ یہ پرواز موسم ٹھیک ہونے کے بعد سکھر سے ایک گھنٹے بعد واپس کراچی پہنچی۔ فلائی دبئی کی شام 4 بجے کی کراچی سے دبئی کی پرواز ایف زیڈ 336 سوا گھنٹہ تاخیر سے روانہ ہوئی۔ ایئر سیال کی کراچی سے پشاور کے لیے پروازیں پی ایف 151 منسوخ کر دی گئی۔ کراچی سے پی آئی اے کی لاہور کے لیے پرواز پی کے 304 دو گھنٹے تاخیر سے گئی۔ پی آئی اے کی کراچی سے جدہ، کوئٹہ، اور اسلام آباد کی پروازوں کو تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔ پی آئی اے کی کراچی سے بہاولپور کے لیے پرواز پی کے 588 منسوخ کر دی گئی۔ سیرین ایئر کی پرواز ای آر 524 کراچی سے لاہور کے لیے روانہ نہ ہوسکی۔ لاہور سے کراچی کے لیے پی آئی اے کی پرواز پی کے307 منسوخ کی گئی۔ بہاولپور سے کراچی کیلئے پرواز پی کے 589 منسوخ کردی گئی۔ کراچی سے گوادر اور تربت کی اپ ڈاون کی پروازیں بھی منسوخ کی گئیں۔ پشاور سے کراچی کے لیے ایئر سیال کی پرواز پی ایف 152 منسوخ ہوئی۔ اسلام آباد سے ایئر سیال کی پرواز پی ایف 122 بھی منسوخ کی گئی۔ کراچی سے ابوظہبی، شارجہ، دبئی اور سعودیہ کے لئے بین الاقوامی پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہوئیں۔
ملک بھر سے سے مزید