• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا، ملعون رشدی چاقو حملے میں زخمی، ہیلی کاپٹر سے اسپتال منتقل

کراچی ، نیویارک(نیوز ڈیسک، اے ایف پی) امریکا میں ملعون سلمان رشدی پر چاقو کے وار سے حملہ ،ملعون کو زخمی حالت میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

 سلمان رشدی ریاست نیویارک کے علاقے شوٹاکوا میں جیسے ہی ایک تقریب سے خطاب کیلئے اسٹیج پر پہنچا تو ایک شخص نے اس پر حملہ کردیا ، پولیس نے تصدیق کی ہے کہ سلمان رشدی چاقو کے وار سے زخمی ہوا ہے تاہم اس کی حالت کےبارے میں نہیں بتایا گیا ہے۔


 سلمان رشدی کی گردن پر زخم آیا ہے ، عینی شاہدین کے مطابق حملے کے فوری بعد سلمان رشدی کو وہاں سے لے جایا گیا جبکہ حملہ آور کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

 حملے کے بعد اسٹیج پر ہی ملعون سلمان رشدی کو فوری طبی امداد فراہم کرنے والی ڈاکٹر ریتا لینڈ مین نے نیویارک ٹائمز کو بتایا کہ سلمان رشدی کے جسم پر چاقو کے متعدد زخم ہیں جبکہ گردن پر دائیں جانب ایک بڑا زخم موجود ہے۔

 انہوں نے کہا کہ اسٹیج پر حملے کے بعد رشدی کا کافی خون بہہ گیا تھا لیکن لوگ کہہ رہے تھے کہ نبض چل رہی ہے۔

 نیویارک کے گورنر کیتھے ہوچل نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا ہے کہ ملعون مصنف سلمان رشدی زندہ ہے۔

 گورنر نے مزید کہا کہ سلمان رشدی کو اسپتال میں ضروری طبی امداد فراہم کی جارہی ہے اور حملہ آور کے حوالے سے مزید معلومات اکھٹی کی جارہی ہیں، سلمان رشدی کی گستاخانہ کتابوں پر پاکستان میں پابندی ہے جبکہ ایران کے آیت اللہ خمینی نے 1989 میں رشدی کو واجب القتل قرار دینے کا فتویٰ دیا تھا، معلون کئی عرصے سے روپوشی کی زندگی گزار رہا تھا ۔ 

اہم خبریں سے مزید