• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اقلیتوں کیلئے محفوظ ترین ملک، کسی کے حقوق سلب نہیں کئے جاتے، مقررین

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما و پارلیمانی سیکرٹری برائے اقلیتی امور خلیل جارج ، سیکرٹری اقلیتی امور نورمحمد جوگیزئی ، مذہبی اسکالر قاری عبدالرشید ،حافظ عبدالحفیظ ، ہندو پنچائیت کے صدر راج کمار ، پنڈت ایشور، پاسٹرآصف جان اور دیگر نے کہا ہے کہ پاکستان اقلیتوں کے لئے محفوظ ترین ملک ہے ، یہاں کسی بھی بنیاد پر اقلیتوں کے حقوق سلب نہیں کئے جاتے نہ ہی انہیں کسی بھی لحاظ سے کم تر تصور کیا جاتا ہے ، پاکستان بنانے میں اقلیتوں کا کردار کسی سے کم نہیں ، سب نے مل کر پاکستان بنایا تھا اور مل کر اس کی حفاظت بھی کریں گے ، ملک کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ دینے والے ہمارے قومی ہیروز ہیں ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد سوشل میڈیا پر بے بنیاد پروپیگنڈہ کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔یہ بات انہوں نے محکمہ اقلیتی امور کے زیراہتمام مقامی ہال میں اقلیتوں کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی یوم اقلیت منانے کا بنیادی مقصد اقلیتوں کے حقوق کے بارے میں آگہی اور حکومتوں کو یہ باور کرانا ہے کہ وہ اپنے تمام شہریوں کو بلا امتیاز ان کے حقوق فراہم کریں ،پاکستان میں اقلیتوں کو عام شہریوں کے برابر کے حقوق حاصل ہیں جس کی وجہ سے اقلیتوں نے ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کیا ہے ، انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے پاکستان میں بسنے والے ہر شخص کو برابر کا شہری قرار دیا تھا یہی ملک کے رہنماء اصول ہیں جس کی وجہ سے آج تک اقلیتوں کو کسی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا ۔ انہوں نے کہا کہ آج اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد نہ صرف سیاست بلکہ افواج پاکستان ، بیوروکریسی ، تعلیم ، صحت سمیت ہر شعبے میں خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان نے ہمیشہ اقلیتوں کے مسائل کو سنا اور انہیں حل کرنے کی کوشش کی ہے امید ہے یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس کی سربراہی میں قائم مخلوط صوبائی حکومت نے اقلیتوں کو جتنے فنڈز دیئے اس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی ،مقررین نے گزشتہ دنوں بلوچستان کے علاقے لسبیلہ میں ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے لیفٹیننٹ جنرل سرفراز شہید سمیت دیگر شہداء کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ دینے والے ہمارے قومی ہیروز ہیں جن کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
کوئٹہ سے مزید