• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ میں جاری ہیٹ ویو کی لہر، احتیاطی تدابیر کی ہدایات جاری

راچڈیل(ہارون مرزا )برطانیہ میں جاری ہیٹ ویو کی لہر کے موقع پر گرمی سے بچائو کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں،حکومت نے ذرائع ابلاغ پر شہریوں کو ہیٹ ویو سے خبردار کرنے کی مہم شروع کر رکھی ہے، موبائل پر پیغامات، ای میل سمیت موٹر وے اور لنک روڈ پر بھی سائن بورڈز آویزاں کر کے لوگوں کو خبردار کیا جا رہا ہے، حکومت نے متنبہ کیا ہے کہ غیر ضروری سفر اور دھوپ میں نکلنے سے گریز کیا جائے جب کہ تمام مسافر اپنے پاس پانی ضرور رکھیں ، یہ امر قابل ذکر ہے کہ چند یوم سے برطانیہ کو گرمی کی شدید لہر نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے جس پر برطانیہ سمیت یورپ کے مختلف ممالک میں سیکڑوں افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں ، جنگلوں میں آگ لگنے سے قیمتی گاڑیاں اور گھر بھی زد میں آ گئے ہیں ، حالیہ ہیٹ ویو کی وجہ سے شہریوں کی بہت بڑی تعداد نے سمندر کارخ کیا ہے، سمندر کنارے چھتریاں لگا کر ٹھنڈی ریت پر آرام کرنے والے افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جب کہ مانچسٹر ، راچڈیل، اولڈھم اور دیگر شہروں سے عوام کی بڑی تعداد بلیک پول پہنچ گئی ہے جہاں تاریخی رش ریکارڈ کیا گیا، پارکنگ اور ہوٹلز میں جگہ کم پڑ گئی، کھانے پینے کی اشیاء کو مہنگائی کے پَر لگ گئے ، ہیٹ ویو کی حالیہ لہر مزید کئی یوم تک جاری رہنے کا امکان ہے ، دوسری طرف پنکھوں اور ائر کنڈیشنر کی خریداری کرنے والوں میں گوروں کی تعداد سب سے زیادہ ہے ، مشروبات فروخت کرنے والوں کے لیے مذکورہ ہیٹ ویو کی لہر کاروبار پر مثبت اثرات مرتب کر رہی ہے ۔

یورپ سے سے مزید