بالی ووڈ اسٹار عامر خان کی بھتیجی زین میری خان فلم لال سنگھ چڈھا کے خلاف جاری نفرت انگیز مہم پر بول پڑیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر زین میری خان نے ایک ویڈیو شیئر کی، جسے عامر خان کی بیٹی ایرا خان نے بھی ری شیئر کیا ہے۔
اپنے بیان میں عامر خان کی بھتیجی نے کہا کہ نفرت انگیز مہم کے ذریعے کسی ایسی چیز کو تباہ نہ کریں جو واقعی خوبصورت ہو۔
عامر خان کی حالیہ ریلیز فلم کے حوالے سے اپنے پیغام میں زین میری خان نے فلم بینوں سے بائیکاٹ مہم چھوڑ کر لال سنگھ چڈھا کو دیکھنے کی اپیل کی۔
عامر خان کی بھتیجی نے اپنے چاچو کی فلم کی تعریف کی اور اسے شاندار قرار دیا اور کہا کہ اگر آپ کے عامر خان نے کبھی تفریحی مواد تخلیق کیا ہے، تو پھر آپ اس کی حوصلہ افزائی کریں، لال سنگھ چڈھا واقعی دیکھیں، نفرت انگیز مہم کی وجہ سے جو چیز واقعی خوبصورت ہے، اُسے ہرگز تباہ نہ کریں۔
لال سنگھ چڈھا کی ریلیز سے پہلے ہی ٹوئٹر پر اس فلم کے بائیکاٹ کا مطالبہ سامنے آیا، کچھ نے عامر خان کے عدم برداشت کے بیان کو ری شیئر کیا۔
عامر خان کی 4 سال کے وقفے کے بعد سامنے آنے والی فلم نے ہندی بیلٹ میں پہلے دن 12 کروڑ جبکہ 4 دن میں مجموعی طور پر 37 کروڑ سے زائد کا بزنس کیا ہے۔
اس سے قبل بائیکاٹ مہم پر بالی ووڈ اسٹار نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ مجھے افسوس ہوگا اگر میں نے کسی تکلیف پہنچائی ہو، اگر کوئی فلم نہیں دیکھنا چاہتا تو میں اُسے تکلیف نہیں دینا چاہتا، اُن کے جذبات کی قدر کرتا ہوں۔
عامر خان نے مزید کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ لوگ محبت اور محنت سے بنائی گئی ہماری فلم کو دیکھیں، کچھ لوگوں نے اس کے لیے سخت محنت کی ہے، میں پرامید ہوں کہ لال سنگھ چڈھا دیکھنے والوں کو پسند آئے گی۔