• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نئی نسل کو قیام پاکستان کے حوالہ سے آگاہی دی جائے،عدیل آفریدی

ویانا(اکرم باجوہ) آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں 75 ویں یوم آزادی پاکستان کے سلسلہ میں حاجی ملک محمدامین اعوان کی جانب سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں قائم مقام سفیر پاکستان عدیل خان آفریدی نے مہان خصوصی کے طور پر اور فرسٹ قونصلر عامر سعید ،کمیونٹی افیئرز قونصلر ہمایوں شبیر جوئیہ اور پاکستانی کمیونٹی کی خواتین و بچوں کے علاوہ پاکستانی کمیونٹی کی مختلف سیاسی سماجی مذہبی تنظیموں کے سربراہان نے شرکت کی۔ یومِ آزادی پروگرام میں قوالی پیش کرنے کے لیے سپین سے معروف قوال قدیر خان نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز قاری شبیر احمد کی تلاوت قرآن پاک سے کیا گیااور نعت شریف پڑھنے کی سعادت حاجی اورنگزیب نے حاصل کی ۔اسٹیج سیکرٹری کے فرائض عرفان شاہد نے ادا کیے ۔عبیر اعوان نے ملی نغمہ پیش کیا اور عاصمہ اعوان اور زبیر اعوان اور حفیظ چوہدری نے پاکستان کے حوالہ سے تقاریر کیں اور پاکستان کن مشکلات کے بعد وجود میں آیا اس حوالہ سے روشنی ڈالی۔ملک عابد نے اشعار کی صورت میں پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا۔ قائم مقام سفیر پاکستان عدیل خان آفریدی اور معروف قوال قدیر خان تقریب میں پہنچے تو میزبان ملک امین اعوان نے مہمانوں کا گرمجوشی سے استقبال کیا اور پھول پیش کیے۔قائم مقام سفیر پاکستان عدیل خان آفریدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ یوم آزادی کی اتنی شاندار تقریب کا انعقاد کرنے پر انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ہمیں دیار غیر میں پاکستان کے حوالہ سے پروگراموں کے انعقاد کی ضرورت ہے تاکہ ہمارے بچوں کو پاکستان کی تاریخ کا پتہ ہونا چاہیئے ۔نئی نسل کو قیام پاکستا ن کے حوالہ سے آگاہی دی جائے،فرسٹ سیکرٹری عامر سعید نے اپنے مختصر خطاب میں کہا کہ بہت شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا ہے، ہم سب دیار غیر میں پاکستان کے سفیر ہیں، ہمیں پاکستان کی سربلندی کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہے، پاکستان کلمہ طیبہ کے نام پر بنا ہے، انشاء اللہ جب تک سورج چاند رہے گا پاکستان قائم و دائم رہے گا ۔معروف قوال قدیر خان نے قوالی اور ملی نغمے پیش کرکے بہت داد وصول کی اور شرکاء قوالی سے محظوظ ہوئے۔آخر میں قدیر خان نے حاضرین کے ساتھ مل کر قومی ترانہ پیش کیا ۔تقریب کے میزبان حاجی ملک محمد امین اعوان نے تمام حاضرین کا جشن آزادی پروگرام میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا ۔ علامہ غلام مصطفیٰ بلوچ نےامت مسلمہ اور پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی۔
یورپ سے سے مزید