• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یہ نہیں کہا تھا پیٹرول کی قیمت نہیں بڑھے گی، مفتاح اسماعیل

مفتاح اسماعیل، فائل فوٹو
مفتاح اسماعیل، فائل فوٹو 

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ اوگرا ایک فارمولے کے تحت قیمتیں بڑھاتا ہے، میں نے یہ نہیں کہا تھا کہ پیٹرول کی قیمت نہیں بڑھے گی۔

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میں نے یہ کہا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس نہیں لگاؤں گا۔

اُنہوں نے کہا کہ اس حکومت کے ہر فیصلے کے پیچھے کھڑا ہوں اور ذمہ داری سے حکومت کے ساتھ ہوں۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ ڈالر 17 جولائی کے بعد ہمارے کنٹرول سے نکل گیا تھا اور اب ڈالر نیچے آرہا ہے، ہم نے ڈالر کو 239 روپے پر کنٹرول کرنا شروع کیا، ہمارے پاس اب ڈالر کی آمد زیادہ اور اخراج کم ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ میں پہلے بھی کہتا تھا کہ درآمد کم ہوگی تو روپیہ مضبوط ہوگا۔

اُنہوں نے بتایا کہ آئی ایم ایف کا پروگرام شروع ہوچکا ہے، اسی ماہ آئی ایم ایف بورڈ میٹنگ ہوجائے گی، آئی ایم ایف کو لیٹر آف انٹینٹ سائن کرکے دوبارہ بھیجا جائے گا۔

اُنہوں نے مزید بتایا کہ آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے بعد آئی ایم ایف سے پیسے مل جائیں گے۔

مفتاح اسماعیل نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ایل این جی خریدنے پرمجھےاور شاہد خاقان عباسی کو جیل بھیجا گیا حالانکہ ہم نے دنیا کی سستی ترین ایل این جی کے معاہدے کیے تھے۔

اُنہوں نے گزشتہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ حکومت نے آئی ایم ایف سے معاہدہ کرکے توڑا، پونے 4 سال میں 19 ہزار 300 ارب روپے کا قرض چڑھا دیا گیا اور 1500 ارب کا سرکلر ڈیٹ میں اضافہ ہوا۔

اُنہوں نے کہا کہ گیس کا سرکلر ڈیٹ 1400 ارب روپے تک پہنچا دیا گیا۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ ایل این جی لوکل گیس کے نرخوں پر بیچ دی گئی۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ حکومت مشرف صاحب سب سے زیادہ کرنٹ اکاونٹ خسارہ چھوڑ کرگئی تھی۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ ہم نے غیرضروری اشیا کی درآمد پر پابندی لگائی ہے، دس فیصد ایکسپورٹ نہ کرنے والوں پر اضافی ٹیکس لاگو کریں گے۔

قومی خبریں سے مزید