• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جوہری جنگ میں کوئی فاتح نہیں ہوتا، صدر پیوٹن

ماسکو (نیوز ڈیسک) روس کے صدر ولادیمر پیوٹن نے کہا ہے کہ جوہری جنگ میں کسی کی جیت نہیں ہوگی اور یہ کبھی بھی نہیں ہونی چاہئے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقوام متحدہ میں جوہری توانائی سے متعلق معاہدے (این پی ٹی) کے جائزے سے متعلق ہونے والی کانفرنس کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتیرش نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی غلط فہمی کے باعث بڑی جوہری تباہی ہوسکتی ہے۔ امریکا، برطانیہ اور فرانس نے روس پر زور دیا ہے کہ وہ جوہری ہتھیاروں سے متعلق خطرناک بیان بازی اور رویئے کو روکے۔ نیویارک میں این پی ٹی کانفرنس کے آغاز پر انتونیو گوتیرش نے خبردار کیا کہ دنیا کو اس وقت جوہری جنگ کا شدید خطرہ ہے جو سرد جنگ کے بعد سے نہیں دیکھا گیا تھا۔ یوکرین جنگ اور کوریائی خطے میں جاری کشیدگیوں کا ذکر کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ جوہری جنگ کی بو محسوس کی جارہی ہے اور خدشہ ہے کہ یہ کسی بھی وقت پھیل سکتی ہے۔ این پی ٹی کے دسویں جائزہ اجلاس کے موقع پر گوتیرش نے کہا کہ آج کے دور میں انسانیت ایک غلط فہمی سے دور ہے اور ایک غلط اندازہ جوہری تباہی کا باعث بن سکتا ہے۔ ادھر امریکا، برطانیہ اور فرانس نے اپنے ایک مشترکہ اعلامیہ میں اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ جوہری جنگ نہیں جیتی جاسکتی اور یہ کبھی بھی نہیں ہونی چاہئے۔ تینوں ممالک نے روس پر زور دیا کہ وہ این پی ٹی کے تحت اپنے وعدوں کی پاسداری کرے۔ ماسکو کی جانب سے 24 فروری کو یوکرین میں اپنی افواج بھیجنے کے بعد سے روس اور مغرب کے تعلقات کشیدہ ہیں۔
یورپ سے سے مزید