حالیہ برسوں میں ایواکاڈو تیزی سے مقبول خوراک بن گیا ہے، جسے لوگ مختلف اشیا میں ملا کر کھاتے ہیں۔ ایواکاڈو مختلف قسم کے صحت کے فوائد بھی فراہم کرتا ہے۔ ایواکاڈو، چکنائی کا بہترین متبادل ہو سکتا ہے۔ یہ غذائی اجزاء سے بھرپور ہوتا ہے اور متوازن غذا کا فائدہ مند حصہ ہو سکتا ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق ایواکاڈو ضروری پھلوں میں سے ایک پھل ہے۔
ایواکاڈو خدا کی عطاکردہ ان بہترین نعمتوں میں سے ایک نعمت ہے جو اپنے اندر بہت سے طبی مسائل کا علاج سموئے ہوئے ہے۔ ایواکاڈو سے جسمانی مسائل کے ساتھ ساتھ جِلد کے بھی بہت سے مسائل سے چھٹکارا حاصل کیا جاسکتا ہے۔ یہ کافی مقدار میں مونو سیچوریٹڈ فیٹی ایسڈ فراہم کرتا اور بہت سے وٹامنز اور منرلز سے بھرپور ہوتا ہے۔ ایواکاڈو ہاضمہ کو بہتر بناتا، ڈپریشن کے خطرے کو کم کرتا، اور کینسر سے بچاتا ہے۔ اسے صحت بخش غذا میں شامل کرنے سے بہت سے فوائد مل سکتے ہیں۔
غذائی اجزاء سے بھرپور
ایواکاڈو وٹامن سی، ای، کے، اور بی 6 کے ساتھ ساتھ رائبوفلاوین، نائیوسن، فولیٹ، پینٹوتھینک ایسڈ، میگنیشیم اور پوٹاشیم کا ذریعہ ہے۔ یہ لوٹین، بیٹا کیروٹین،اور اومیگا 3 فیٹی ایسڈ بھی فراہم کرتا ہے۔ ایواکاڈو میں فائدہ مند چکنائی کی اعلیٰ سطح ہوتی ہے، جو کھانے کے درمیان ایک شخص کو بھرپور محسوس کرنے میں مدد دیتی ہے۔ چربی کھانے سے کاربوہائیڈریٹس کے ٹوٹنے کی رفتار کم ہوتی ہے، جو خون میں شکر کی سطح کو مستحکم رکھنے میں مدد دیتی ہے۔
دل کیلئے مفید
ایواکاڈو کے ہر 100گرام میں 76ملی گرام قدرتی پلانٹ اسٹرول ہوتا ہے، جسے بیٹا سائیٹوسٹرول کہتے ہیں۔ یہ اور دیگر پلانٹ اسٹرولز کا باقاعدگی سے استعمال صحت مند کولیسٹرول کی سطح کو برقرار رکھنے میں مدد کر سکتا ہے، جو دل کی صحت کے لیے اہم ہے۔
بصارت بہتر کرنا
ایواکاڈو میں لیوٹن اور زیازینتھن پائے جاتے ہیں، یہ دونوں فائٹو کیمیکل آنکھوں کے ٹشو میں موجود ہوتے ہیں ۔ وہ آنکھوں کو پہنچنے والے نقصان کو کم کرنے میں مدد کے لیے اینٹی آکسیڈنٹ تحفظ فراہم کرتے ہیں۔ ایواکاڈو میں موجود مونو سیچوریٹڈ فیٹی ایسڈ دیگر فائدہ مند چکنائی میں حل شدہ اینٹی آکسیڈنٹس جیسے بیٹا کیروٹین کو جذب کرنے میں مدد کرتے ہیں۔ نتیجے کے طور پر، غذا میں ایواکاڈو شامل کرنے سے عمر سے متعلق میکولر انحطاط کے خطرے کو کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
کینسر روکنے والے اجزاء
مطالعات نے ابھی تک ایواکاڈو کے استعمال اور کینسر کے خطرے میں کمی کے درمیان براہ راست تعلق کا اندازہ نہیں لگایا ہے۔ تاہم، ایوکاڈو میں ایسے مرکبات ہوتے ہیں جو کچھ قسم کے کینسر کے آغاز کو روکنے میں مدد کرسکتے ہیں۔ ریسرچ نے فولیٹ کے زیادہ سے زیادہ استعمال کو بڑی آنت، معدہ، لبلبے اور سروائیکل کینسر کے خطرے کو کم کرنے سے منسلک کیا ہے۔
آدھے ایواکاڈو میں تقریباً 59 ایم سی جی فولیٹ ہوتا ہے، جو روزانہ کی ضرورت کا 15 فیصد ہے۔ ایوکاڈو میں فائٹو کیمیکلز اور کیروٹینائڈز کی اعلیٰ سطح بھی ہوتی ہے، جن میں کینسر مخالف خصوصیات ہوسکتی ہیں۔ مطالعات سے پتہ چلتا ہے کہ کیروٹینائڈز، خاص طور پر، کینسر بڑھنے سے بچا سکتے ہیں۔ 2013ء کے ایک جائزے نے چھاتی، منہ اور گلے کے کینسر کے سلسلے میں ایوکاڈو کے استعمال کے ممکنہ فوائد کو اجاگر کیا۔
ڈپریشن کے خطرے میں کمی
ایواکاڈو فولیٹ کا ایک اچھا ذریعہ ہے، جو مجموعی غذائی صحت میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ مطالعہ نے کم فولیٹ کی سطح اور ڈپریشن کے درمیان رابطہ بھی پایا ہے۔ فولیٹ ہومو سسٹین بننے کو روکنے میں مدد کرتا ہے، یہ ایک ایسا مادہ ہے جو دماغ میں گردش اور غذائی اجزا کی ترسیل کو خراب کر سکتا ہے۔ ماضی کی تحقیق کے جائزوں نے زیادہ ہومو سسٹین کو علمی خرابی، ڈپریشن، سیرٹونن، ڈوپامائن اور نورپائنفرین کی پیداوار سے جوڑا ہے، جو موڈ، نیند اور بھوک کو کنٹرول کرتے ہیں۔
بڑھتے وزن پر قابو پانا
وزن بڑھنے کی یوں تو کئی وجوہات ہوسکتی ہیں، جن میں ایک خاص وجہ بے وقت کی بھوک ہے۔ نیوٹیشن جرنل میں شائع شدہ ایک تحقیق کے مطابق موٹاپے کا شکار لوگ روزانہ دوپہر کے کھانے میں آدھا ایواکاڈو کھالیں تو یہ انھیں دن بھر بھوک نہیں لگنے دیتا۔ اس طرح لوگ اپنے وزن کو بآسانی کنٹرول کرسکتے ہیں۔
مختلف جِلدی مسائل
ایواکاڈو وٹامن ای اور اینٹی آکسیڈنٹ کا بھرپور مجموعہ ہوتا ہے جو جِلد سے تمام مردہ خلیات کو دور کرتے ہوئے، ان کی مرمت کرتا ہے۔ ایواکاڈو کا استعمال آپ کی جِلد کو تروتازہ اور سرسبزوشاداب رکھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ ایواکاڈو کو جِلد پر رگڑنے سے مختلف جِلدی مسائل سے تحفظ حاصل کیا جاسکتا ہے۔ لہٰذا اگر آپ کو ایکنی، ایگزیما، جِلد کی خشکی اور خارش جیسے مسائل کا سامنا ہے تو اس پھل کا استعمال شروع کردیں۔
ماہرین کے مطابق ،ایواکاڈو میں موجود اینٹی آکسیڈنٹ سورج سے متاثرہ جِلد کے مسائل دور کرنے میں بھی مددگار ہے ۔ 2011ء میں کی گئی ایک تحقیق کے مطابق ،ایواکاڈو میں موجود وٹامن ای، بیٹا کیروٹین ، پروٹین، لیکٹین اور ضروری دیگر غذائی اجزاء جِلد کو نرم وملائم بنانے اور چمکانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ایواکاڈو پر کی گئی دوسری تحقیقات یہ ظاہر کرتی ہیں کہ ایواکاڈو میں کچھ ایسے غذائی اجزاء موجود ہوتے ہیں جو جِلد کو سورج کی مضر الٹراوائلٹ شعاعوں(UV) سے محفوظ رکھنے میں بھی مدد کرتے ہیں ۔
جھریوں کا خاتمہ
بڑھتی عمر کے اثرات چہرے سے ظاہر ہونے لگتے ہیں۔ مختلف تحقیقات یہ ثابت کرتی ہیں کہ ایواکاڈو اینٹی آکسیڈنٹ ہے، جسے کھانے کے ساتھ ساتھ اگر اس کا گودا جِلد پر مل لیا جائے تو عمر رسیدگی کے نشان اور جھریاں ختم ہوسکتی ہیں۔
بالوں کا نہ بڑھنا
ایواکاڈو میں پائی جانے والی مختلف قسم کی فائدہ مند چربی صحت کے لیے ضروری وٹامن اور منرلز کی بڑی مقدار فراہم کرتی ہے۔ بے شمار فوائد سے مالا مال یہ پھل خشک، خراب اور کمزور بالوں کے لیے ایک بہترین انتخاب ہے۔ ایواکاڈو کا گودا اگر بطور ماسک شیمپو یا کنڈیشنر میں ملا کر بالوں میں لگایا جائے تواس میں موجود غذائی اجزاء گرتے بالوں کو روکنے ،روکھے اور بے جان بالوں کی شائننگ بڑھانے اور نئے بال اُگانے کا کام سرانجام دیتے ہیں۔ اگر ایواکاڈو تیل براہ راست بالوں کی جڑوں میں لگاتے ہوئے مساج بھی کیا جائے تو یہ دورانِ خون بڑھانے کا باعث بنتا ہے۔