گلاسگو (طاہر انعام شیخ) گرینڈ اوورسیز کلب اسکاٹ لینڈ کے مرکزی عہدیداران کا پہلا اجلاس سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی صدارت میں منعقد ہوا۔ کلب کے سربراہ چوہدری محمد سرور نے بتایا کہ یہ ایک مکمل غیر سیاسی تنظیم ہے جس کا بنیادی مقصد پاکستان اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ہر ممکن مدد ہے۔ اس کلب میں ریٹائرڈ آئی جی پولیس، چیف سیکریٹریز اور دیگر زندگی کے بے شمار شعبوں کے اہم ترین افراد ہیں، پوری دنیا میں تنظیم کی برانچیں قائم کردی گئی ہیں جن کے ممبران پُرجوش طریقے سے عوامی خدمت کررہے ہیں۔ گرینڈ اوورسیز کلب نے پاکستان کے مختلف مقامات پر سیلاب زدگان کی مدد کے لیے کیمپ قائم کردیئے ہیں۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ملک پہنچنے پر24گھنٹے کی مشاورتی سروسز مہیا کردی گئی ہے اور خصوصی دفاتر قائم کردیئے گئے ہیں۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ بیرون ممالک میں مقیم پاکستانی زرمبادلہ کے سلسلہ میں پاکستانی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، یہ نہ صرف ہر سال32بلین ڈالرز کا زرمبادلہ پاکستان بھیج رہے ہیں اور ملک چھٹیوں پر جانے کی صورت میں مزید کئی بلین ڈالر خرچ کرتے ہیں بلکہ وہاں لاکھوں خاندانوں کی کفالت بھی کرتے ہیں، یہ لوگ اپنی شاندار خدمات کے باعث پاکستان آنے پر خصوصی سلوک کے مستحق ہیں جب کہ الٹا ان کو اپنے آبائی وطن پہنچنے پر بے شمار مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ پاکستان کی تمام سیاسی پارٹیاں اس بات پر متفق ہیں کہ بیرون ملک مقیم تمام پاکستانیوں کو نہ صرف ووٹ کا حق ملنا چاہئے بلکہ ان کو قومی و صوبائی اسمبلیوں میں نمائندگی بھی دی جائے، جہاں ایک تو وہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل بہتر طور پر پیش کرکے حل کرواسکیں گے، دوسرا پاکستان کو بھی ان کے بیرون ملک حاصل کیے گئے تجربات سے فائدہ پہنچے گا۔ چوہدری سرور نے بتایا کہ بیرون مک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ اور نمائندگی کا حق دلوانے کے لیے وہ ایک پُرزور مہم چلائیں گے۔ ہم ایسے پاکستانیوں کو بھی جو بیرون ملک آتے ہیں، یہاں رہائش، ملازمتوں اور دیگر امور میں مشاورتی مدد فراہم کریں گے۔ پاکستان کے موجودہ حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ ہم جلد ہی اس بحرانی کیفیت سے نکل آئیں گے تمام سیاستدانوں کو چاہئے کہ وہ ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے مل کر بیٹھیں اور ملک میں صحت، تعلیم کی بہتری اور غربت کے خاتمے کے لیے مہم چلائیں۔ چوہدری سرور نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو حق حاصل ہے کہ وہ اپنی حکمرانی کے لیے جس کو چاہیں منتخب کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن میں تمام سیاسی پارٹیوں کو یکساں مواقع ملنے چاہئیں تاکہ ملک میں جمہوریت مضبوط ہو۔ تقریب سے اسکاٹ لینڈ کی تنظیم کے صدر ریاض خوشی، سینئر نائب صدر سید ناصر جعفری، نائب صدر عثمان، جنرل سیکرٹری رانا فیاض علی، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری مصطفی علی بیگ، میڈیا کوآرڈی نیٹر شبانہ اور فنانس سیکرٹری عمران سرور نے بھی خطاب کیا۔