وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سندھ کے شہر قمبر شہداد کوٹ میں میڈیکل کیمپ کا دورہ کیا ہے۔
اس موقع پر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے ہمراہ سیلاب متاثرین سے ملاقات کی اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے متاثرہ خاندانوں سے اُن کے پیاروں کے کھو جانے پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ آپ کو صبر جمیل اور مرحومین کو جنت میں اعلیٰ درجات سے نوازیں۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران ایک متاثرہ شخص نے انہیں دعائیں دیتے ہوئے کہا کہ اللّٰہ آپ کو سدا وزیرِ اعظم رکھے۔
واضح رہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورے کے لیے آج سکھر پہنچے، جہاں اُن کے استقبال کے لیے وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، ناصر حسین شاہ، نعمان اسلام شیخ و دیگر موجود تھے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ قمبر شہداد کوٹ کا فضائی جائزہ لیا۔
وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ کو قمبر شہداد کوٹ میں سیلاب سے تباہی پر بریفنگ دی گئی۔
انہوں نے قمبر شہداد کوٹ کے متاثرینِ سیلاب میں امدادی چیک بھی تقسیم کیے۔