پاکستان میں لوگوں کو، خصوصاً نوجوان نسل کو یہ بحث کرتے ہوئے پایا جاتا ہے کہ آئی او ایس اور اینڈرائیڈ موبائل میں سے کونسا زیادہ بہتر ہے، لیکن اب اس بحث کا رخ ملک کی سیاسی قیادت کی جانب ہو گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر یہ بحث جاری ہے کہ پاکستان کے موجودہ وزیرِ اعظم میاں شہباز شریف کونسا فون استعمال کرتے ہیں؟
شہباز شریف کے فوکل پرسن محمد ابوبکر عمر نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔
اس ویڈیو میں شہباز شریف کو اقوامِ متحدہ (یو این) کے چیف انتونیو گوتریس کے ساتھ سندھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
محمد ابوبکر عمر نے یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز عام طور پر عوام کے درمیان اپنا موبائل فون استعمال نہیں کرتے۔
اُنہوں نے مزید لکھا ہے کہ یہ شاید پہلا موقع ہے، جب اُنہوں نے انتونیو گوتریس کو سیلاب سے متعلق ویڈیوز دکھانے کے لیے فون نکالا تو یہ پتہ چلا کہ ان کے پاس آئی فون 14، 10 یہاں تک کہ 9 بھی نہیں ہے، بلکہ ان کا فون آئی فون 7 جیسا لگتا ہے۔
یہ ویڈیو سامنے آنے پر جب ابوبکر عمر سے وزیرِ اعظم کے فون اپ گریڈ نہ کرنے کی وجہ پوچھی گئی تو اُنہوں نے ’دی کرنٹ‘ کو بتایا کہ شہباز شریف فون تفریح کے لیے نہیں بلکہ صرف ضروری کاموں کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ اس لیے وزیرِ اعظم شہباز شریف اس فون کو تب تک استعمال کریں گے جب تک یہ کال، ٹیکسٹ اور ویڈیو میسج کی بنیادی ضرورت کو پورا کرنے کے قابل رہے۔
محمد ابوبکر عمر نے یہ انکشاف بھی کیا ہے کہ جب وہ 2011ء میں وزیرِ اعظم شہباز سے ملے تھے تو وہ ’نوکیا 3310‘ اپنے ساتھ لے کر جا رہے تھے۔