کراچی (نیوز ڈیسک) برطانوی شہزادے ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن میرکل کو ملکہ برطانیہ کی آئندہ ہفتے ہونے والی آخری رسومات میں شرکت سے روکا جاسکتا ہے، یہ بات برطانوی شاہی خاندان کے معاملات سے واقف ایک ماہر نے بتائی ہے۔
شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ ملکہ کی موت کے بعد سے برطانیہ میں موجود ہیں۔ آخری مرتبہ دونوں ونڈسر کاسٹل میں منظر عام پر آئے تھے جہاں دونوں نے سوگواران سے ملاقاتیں کی تھیں۔
ملکہ کی آخری رسومات میں شرکت کے حوالے سے شاہی خاندان کے امور سے واقف ماہر ڈینئل ایلسر کا کہنا ہے کہ بظاہر یہی نظر آرہا ہے کہ شاہی محل ہر ایک کو یہ باور کروائے گا کہ کس کی کیا حیثیت ہے اور ایسی صورتحال میں شہزادہ ہیری اور میگھن میرکل کی ملکہ کی آخری رسومات میں شرکت مشکوک ہوجائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ تاحال تو یہی دکھائی دے رہا ہے کہ شاہی خاندان پروٹوکول کے مطابق ہی عمل کرے گا۔ دریں اثناء روس اور بیلاروس کو ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کی ریاست کی طرف سی ادا کی جانے والی آخری رسومات میں مدعو نہیں کیا گیا۔
برطانوی حکومت کے ایک ذریعہ نے بتایا کہ آئندہ پیر کو ہونے والی آخری رسومات میں دنیا بھر سے 100 سے زائد بادشاہ، ملکہ، سربراہان مملکت اور دیگر اہم شخصیات شرکت کریں گی۔