مشہور بھارتی اداکارہ اروشی روٹیلا نے بھارتی کرکٹر رشبھ پنت سے معافی مانگ لی۔
اروشی روٹیلا اور بھارتی کرکٹر رشبھ پنت کا معاملہ گزشتہ کئی دنوں سے سوشل میڈیا پر وائرل ہے کیونکہ دونوں کے درمیان لفظی جنگ جاری تھی۔
اروشی روٹیلا نے اپنے ایک انٹرویو میں دعوٰی کیا تھا کہ ایک ’آر پی‘ نامی شخص نے ان سے ملنے کے لیے ہوٹل میں کئی گھنٹے انتظار کیا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ دہلی میں ایک شوٹنگ کے دوران اُنہیں تیار ہونے میں زیادہ وقت لگا اور اس دوران ان سے ملنے کے لیے ایک صاحب ہوٹل کی لابی میں آئے لیکن وہ اپنی شوٹنگ کے بعد اپنے کمرے میں جاکر سوگئیں اور اُنہوں نے کوئی فون کال بھی ریسیو نہیں کی، اس لیے ملنے کے لیے جو صاحب آئے تھے اُنہیں کافی انتظار کرنا پڑا۔
اداکارہ کے اس انٹرویو کے بعد بھارتی کرکٹر رشبھ پنت نے اپنی ایک انسٹا اسٹوری میں لکھا کہ’لوگ کیسے خبروں میں رہنے اور سستی شہرت حاصل کرنے کیلئے انٹرویوز میں جھوٹ بولتے ہیں، میرا پیچھا چھوڑ دو بہن‘۔
جس کے بعد اروشی روٹیلا نےاپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ’چھوٹو بھیا کو کرکٹ کھیلنا چاہیے، میں کوئی مُنی نہیں ہوں جو ڈارلنگ تیرے لیے بدنام ہوجاؤں گی۔
لیکن اب اداکارہ نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو کے دوران بھارتی کرکٹر رشبھ پنت سے معافی مانگ لی ہے۔
اس انٹرویو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے، جس میں ایک صحافی کو یہ کہتے ہوئےدیکھا جاسکتا ہے کہ اروشی، آپ رشبھ پنت کو کیا پیغام دینا چاہیں گی۔
جس پر اداکارہ نے کہا کہ’میں صرف اتنا کہنا چاہوں گی کہ مجھے معاف کردیں‘۔
واضح رہے کہ کچھ دنوں پہلے اروشی روٹیلا نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ وہ کرکٹر رشبھ پنت کو ڈیٹ کررہی ہیں لیکن رشبھ پنت نے اداکارہ کی اس بات کی تردید کرتے ہوئے اُنہیں سوشل میڈیا پر بلاک کردیا تھا۔