• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیٹف کی 38 تجاویز پر عمل، پاکستان تعمیل کرنے والے ممالک کی فہرست میں شامل ہوگیا، دفتر خارجہ

اسلام آباد (نمائندہ جنگ )ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان، فیٹف کی 40 میں سے 38 تجاویز پر عمل کر کے عملدرآمد کرنے والے ممالک کی فہرست میں شامل ہوگیاہے،فیٹف جائزہ ٹیم کی رپورٹ اکتوبر کے پلینری اجلاس میں پیش کی جائیگی.

پاکستان جاری جائزہ امور کو منطقی انجام تک پہنچتا دیکھنا چاہتا ہے،فیٹف جائزہ ٹیم کی تیار کردہ رپورٹ اکتوبر کے پلینری اجلاس میں پیش کی جائے گی۔دفترخا رجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی تکنیکی ٹیم نے حال ہی میں پاکستان کا دورہ کیا۔

فنانشل ایکشن ٹاسک فورس ٹیم نے تمام نکات پر ہر ادارے سے تفصیلی بات چیت کی، ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہمارے نکتہ نظر سے ایف اے ٹی ایف ٹیم کا دور ہ پاکستان کامیاب رہا۔ دورے کا مقصد پاکستان کے ایف اے ٹی ایف سے متعلق عزم اور کارکردگی کا زمینی جائزہ لینا تھا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ پاکستان جاری جائزہ امور کو منطقی انجام تک پہنچتا دیکھنا چاہتا ہے۔پاکستان نے گزشتہ 4 سالوں میں متواتر انتھک کاوشوں سے دونوں جامع پلانز پر عملدرآمد کیا۔

پاکستان مستقبل میں بھی اس حوالے سے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا، ترجمان دفتر خارجہ کا کہناتھاکہ جون 2022 ء میں فیٹف کے دونوں ایکشن پلانز کو مکمل کرنا پاکستان کے عزم کا عکاس ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے اس سال جون میں دونوں ایکشن پلانز کی تکمیل درحقیقت ایف اے ٹی ایف کی طرف سے ایف اے ٹی ایف معیارات پر اعلیٰ سطح کی تاثیر حاصل کرنے کا اعتراف ہے.

 حکومت پاکستان کی جانب سے گزشتہ چار سال میں انسداد منی لانڈرنگ/دہشت گردی کی مالی معاونت کا مقابلہ کرنے کیلئے کی جانے والی کوششوں کے فوری نتائج میں اضافہ ہوا ہے جس نے منی لانڈرنگ اور دہشتگردی کی مالی معاونت کے خطرات کو نمایاں طور پر کم کیا ہے۔

اہم خبریں سے مزید