کراچی (نیوز ڈیسک) حکومتِ سندھ نے یومِ آزادی 14 اگست اور "معرکۂ حق" کی تقریبات کو تاریخی، منظم اور پرجوش انداز میں منانے کے لیے بھرپور تیاریاں شروع کر دی ہیں، سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ تقریبات منظم اور پرجوش انداز میں منانے کیلئے بھرپور تیاریاں شروع کر دی ہیں ۔ اس حوالے سے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی وزراء، خصوصی معاونین، آرٹس کونسل کے صدر احمد شاہ، سیکریٹری اطلاعات ندیم الرحمٰن میمن اور دیگر حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سرکاری عمارات، بسیں، ٹرینیں، مارکیٹیں اور عوامی مقامات کو قومی پرچم، رنگ برنگی روشنیوں اور خوبصورت بینرز سے سجایا جائے گا۔ میڈیا پر وسیع سطح پر مہم چلائی جائے گی تاکہ عوام کی شرکت یقینی بنائی جا سکے۔تقاریب کا شیڈول، سجاوٹ، سیکیورٹی، صفائی، ثقافتی پروگرامز اور ضلعی سطح پر عوامی شمولیت جیسے اہم معاملات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اس سال یومِ آزادی کا مہینہ صرف جشن نہیں بلکہ حب الوطنی، قربانی اور سچائی کے پیغام کے طور پر منایا جائے گا۔تقاریب میں خصوصی بچوں، اقلیتوں، بزرگ شہریوں اور خواتین کو بھرپور طور پر شامل کیا جائے گا۔