اسلام آباد( نیو زرپورٹر) وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی ہمشیرہ، ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے گزشتہ روز ملاقا ت کی ۔وزیر اعظم نے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی سے کہا کہ حکومت ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے معاملے میں کسی طور غافل نہیں،وزیراعظم سے یورپی یونین کی سفیر رینا کیونکا اور وزیر قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب کھچی نے بھی ملاقت کی ۔ وزیر اعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطا بق وزیرِ اعظم کی ہدایت پر حکومت کی جانب سے پہلے بھی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے معاملے میں سفارتی و قانونی مدد فراہم کی جاتی رہی ہے۔وزیرِ اعظم نے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کو ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے معاملے میں اب بھی حکومت کی جانب سے ہر ممکن قانونی و سفارتی مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ مزید برآں اس ضمن میں وزیرِ اعظم نہ صرف پہلے ہی اس وقت کے امریکم کے صدر جو بائیڈن کو خط لکھ چکے ہیں جبکہ وزیرِ اعظم نے اس معاملے میں مزید پیش رفت کیلئے وفاقی وزیرِ قانون و انصاف، اعظم نذیر تارڑ کی صدارت میں ایک کمیٹی بھی تشکیل دے دی۔ کمیٹی ڈاکٹر فوزیہ صدیقی سے اس حوالے سے رابطے میں رہے گی اور درکار ممکنہ معاونت کیلئے کام کرے گی۔ادھروزیر اعظم شہباز شریف سے یورپی یونین کی سفیر رینا کیونکا نے گزشتہ روز وزیر اعظم ہاؤس میں الوداعی ملاقات کی، یورپی یونین کی سفیر کو پاکستان میں اپنی مدت ملازمت کی کامیابی سے تکمیل پر مبارکباد دیتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کی مضبوطی میں اہم کردار ادا کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔