لاہور( نمائندہ خصوصی)وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ سکولوں،کالجوں اور یونیورسٹیوں میں منشیات کے استعمال، خرید و فروخت پر سخت سزائیں دی جائیں گی۔ منشیات کے سدباب کیلئے خود مختار ادارہ قائم کیا جائے گا اور خصوصی عدالتیں قائم ہوں گی۔اینٹی نارکوٹکس پولیس سٹیشن بھی بنائے جائیں گے۔چودھری پرویزالٰہیکی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا ،جس میں تعلیمی اداروں کو منشیات سے پاک کرنے کیلئے سخت قانون سازی کا فیصلہ کیا گیا اور اس ضمن میں پنجاب کنٹرول آف نارکوٹکس سبسٹنس ایکٹ 2022کا مسودہ تیار کر لیا گیا۔منشیات کی خرید و فروخت اور استعمال پر سزائیں بڑھانے کا فیصلہ کیا گیااورکم از کم سزا 2 سال قید اور زیادہ سے زیادہ عمر قید رکھنے کی تجویز پر غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے قانون کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کی اور کہا کہ ایکٹ کو پنجاب اسمبلی سے منظور کرایا جائے گا۔تعلیمی اداروں میں منشیات فروشی اوراستعمال پر ادارے کے مالکان اورملازمین بھی ذمہ دار ہوں گے۔سابق وفاقی وزیرمونس الٰہی نے اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔ صوبائی وزیر ایکسائز سردار محمد آصف نکئی، مشیر وزیراعلیٰ عامر سعید راں،انسپکٹر جنرل پولیس فیصل شاہکار، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد خان بھٹی،سابق سیکرٹری وزیراعلیٰ جی ایم سکندر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سیکرٹریز خزانہ، ریگولیشن، قانون، ڈی جی نارکوٹکس کنٹرول اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔قبل ازیںوزیراعلیٰ پنجاب سے سیالکوٹ کی معروف سیاسی و کاروباری شخصیات نے ملاقات کی۔ وفد میں عثمان ڈار،قیصر بریار،سلیم بریار، چودھری اخلاق،علی اسجد ملہی،خواجہ مسعود،سرفراز بھٹی،حسن خاور اور مارکیٹ کمیٹی کے ضیاء چودھری شامل تھے۔وفد نے وزیراعلیٰ فلڈ ریلیف فنڈ میں اڑھائی کروڑ کے چیک دیئے۔ سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئر پورٹ لمیٹڈ کی جانب سے 2کروڑ روپے کا چیک دیاگیا جبکہ سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر قیصر بریارنے وزیراعلیٰ فلڈر یلیف فنڈمیں 50لاکھ روپے کا چیک دیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے مخیر حضرات کا تعاون لائق تحسین ہے۔بعدازاں وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی گلبرگ میں ایم این اے سردار محمد خان لغاری کی رہائش گاہ پر گئے، ان کے والد سابق ضلع ناظم ڈیرہ غازی خان سردارمقصود لغاری کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سردار مقصود لغاری کے انتقال سے دیرینہ اور مخلص ساتھی سے محروم ہو گیا ہوں۔ ڈیرہ غازی خان کی تعمیر و ترقی میں ان کی خدمات کو یاد رکھا جائے گا۔