بدوملہی،نارووال(نامہ نگار،نمائندہ جنگ) وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ نئے چیف آف آرمی سٹاف کی تقرری وقت پر، میرٹ اور قانون کے مطابق کی جائے گی، پنجاب حکومت آٹے کا بحران پیدا کرنےکی کوشش کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے۔ پنجاب حکومت کو چاہئے کہ آٹے کا بحران پیدا کرنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے۔ سابق وزیر اعظم کی جانب سے آرمی چیف کی تقرری کو سیاسی رنگ دینے اور (حکومتی اداروں کے درمیان) دراڑیں پیدا کرنے کی مبینہ کوششیں انتہائی افسوس ناک اور ملک مخالف ہیں۔ایک انٹرویو میں سابق وزیر اعظم عمران خان کے بیان بارے احسن اقبال نے کہاکہ سب کو تقرری کےطریقہ کار پر بات کرنی چاہیے نہ کہ فوج میں محب وطن جرنیل اور غیر محب وطن جرنیل کو بنیاد بنا کر تقسیم کی کوشش کرنی چاہیے ،میرے خیال میں یہ شرم کی بات ہے ۔انہوں نے کہا کہ نقصانات کا ابتدائی تخمینہ 30ارب ڈالر سے زیادہ ہے تاہم حتمی اعداد و شمار مکمل ہونے کے بعد واضح ہو جائیں گے ۔گزشتہ ماہ جاری کردہ 16کروڑ ڈالر کی اقوام متحدہ کی ہنگامی امداد کی اپیل کوبین الاقوامی برادری نے تسلیم کر لیا اور امدادی کارروائیوں کیلئے دوست ممالک کی طرف سے مدد آ رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت میں بنائی گئی سی پیک اتھارٹی ایک بے کار ادارہ ہے، جس نے سرکاری محکموں اور وزارتوں میں تنازع پیدا کر دیا تھا لہٰذا اس اتھارٹی کو تبدیل کر کے ہم سی پیک کے پرانے ماڈل کی طرف واپس جا رہے ہیں۔ قبل ازیں نارووال میں این اے 72کی 58یونین کونسل تنظیمی کنونشن اور ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرنے کہا کہ قدرتی آفت میں عمران خان سیاست چمکانے کی کوشش کر رہا ہے،ذخیرہ اندوزوں نے ذخیرہ اندوزی شروع کر دی۔انہوں نے کہا کہ جنرل الیکشن اپنے وقت پر ہوں گے، اس وقت ایک تہائی ملک سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے ، بلوچستان سندھ میں سات سو گنا بارشیں زیادہ ہوئیں کئی اضلاع صفحہ ہستی سے مٹ گئے لیکن منگلہ ڈیم اب بھی خالی ہے۔انکاکہناتھاکہ عمران خان کے عزائم خطرناک ہیں ،وہ ہٹلر کے نقش قدم پر چل رہا ہے۔