• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم پاکستان کشمیر ی قیادت کو اعتماد میں لیں، راجہ نجابت حسین

وٹفورڈ( نمائندہ جنگ ) برطانیہ میں مقیم کشمیر ی قیادت نے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کے دورہ برطانیہ اور امریکہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک کشمیر ی عوام مسئلہ کشمیر کے سفیر ہیں جو مقبوضہ کشمیر کے عوام کی جدو جہد آزادی اور ان کے حق خودارادیت کی مکمل حمایت کرتے ہیں ، برطانیہ میں تحریک حق خودارادیت کے سربراہ راجہ نجابت حسین نے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف سے کہا کہ وہ اقوام متحدہ کے اجلاس میں مسئلہ کشمیر پر خطاب سے پہلے برطانیہ میں کشمیر ی قیادت کو اعتماد میں لیں ۔ اس پر کشمیر ی قیادت کا متفقہ اجلاس بلایا جائے تاکہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اقوام متحدہ میں کشمیر ی عوام کا متفقہ موقف پیش کیا جائے ۔ کشمیر ی قیادت یہ بھی مطالبہ کرتی ہے کہ وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کشمیر ی جماعتوں کا اجلاس بلائیں۔ آل پارٹی کشمیر رابط کمیٹی کے صدر چوہدری محمد شاہنواز نے وزیر اعظم پاکستان سے کہا کہ وہ اقوام متحدہ کے اجلاس سے قبل برطانیہ میں کشمیر ی قیادت کو ملاقات کا وقت دیں ۔ انہوں نے کہا اقوام متحدہ کے صدر اور جنرل سیکرٹری نے اپنے دور ہ پاکستان اور بھارت کے دوران دونوں ممالک پر واضح کیا ہے کہ ریاست جموں وکشمیر کی قانونی و جغرافیائی حیثیت تبدیل نہیں ہوسکتی مگر اس کے باوجود بھارت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور شملہ معاہدہ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کشمیر کو اکھنڈ بھارت میں شامل کرنے کا پروپیگنڈا شروع کر رکھا ہے، پاکستان کی خارجہ پالیسی اور مسئلہ کشمیر ایک ساتھ نہیں چل سکتے ۔ کشمیر رابط کمیٹی کے سابق صدر چوہدری محمد عظیم نے کہا وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کشمیر ی قیادت کو اعتماد میں لیں انہوں نے برطانیہ میں کشمیر رابط کمیٹی اور وزارت خارجہ کے درمیان ایک کو ارڈینیشن کونسل قائم کر نے کی تجویز پیش کی۔چوہدری محمد دلپزیر ایڈوائزر صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ انتہائی ضروری ہے کہ قومی اتفاق رائے سے کشمیر پالیسی مرتب کی جائے ۔آزاد کشمیر اسمبلی کے سابق ممبر راجہ جاوید نے کہا برطانیہ تحریک آزادی کشمیر کا دوسرا بڑا بیس کیمپ ہے،وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کشمیر کی موجودہ سنگین صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کشمیر ی قیادت سے ملاقات کیلئے وقت دیں۔ آل پارٹی کشمیر رابط کمیٹی کے جنرل سیکرٹری صاحبزادہ محمد فاروق نے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف سے کہا کہ وہ اقوام متحدہ کے سالانہ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے لاکھوں کی تعداد میں ہندوئوں کو آباد اور رائے شماری کے عمل کو ختم کرنے کے لیے جو منفی اقدامات اقدامات کر رہا ہے ،اس مسئلہ کو اٹھائیں۔ وٹفورڈ کمیونٹی فورم کے چیئرمین امجد امین بوبی نے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف سے مطالبہ کیاکہ وہ اقوام متحدہ کے سالانہ اجلاس میں اقوام متحدہ سے پوچھیں کہ آج تک مسئلہ کشمیر پر کیا آؤٹ پٹ ہے، اقوام متحدہ اور یو این سیکورٹی کونسل میں کشمیر کی 15اگست 1947سے قبل والی پوزیشن بحال کرنے کے لیے مہاراجہ ہری سنگھ اور قائد اعظم محمد علی جناح کے درمیان ہو نے والے معاہدے کو کشمیر پالیسی اور خارجہ پالیسی کا حصہ بنایا جائے۔
یورپ سے سے مزید