اقوام متحدہ (عظیم ایم میاں) وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول زرداری بھٹو اپنے دورئہ اقوام متحدہ کے دوران ملاقاتوں اور مصروفیات کے بھاری پروگراموں پرعمل کریں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے سربراہوں سے ملاقاتیں کرینگے ، امریکی صدر کے عشائیے میں بلاول بھٹو کیساتھ شرکت ، ایران و ترک صدور سے بھی ملاقات ہوگی ، وزیر خارجہ نیویارک میں اہم ملاقاتوں اورمصروفیات کے بعد واشنگٹن کے دورے پر جائیں گے ۔ تفصیلات کےمطابق وزیراعظم شہباز شریف نیو یارک 19ستمبر کی شام پہنچ کر پانچ روزہ مصروفیت کے بعد کر 24ستمبر کو وطن واپسی کا پروگرام رکھتے ہیں۔ اس دوران امریکی صدر جوزف بائیڈن کی جانب سے نیویارک میں غیر ملکی سربراہان حکومت اور مملکت کے اعزاز میں دیئے جانے والے استقبالیہ میں شرکت کریں گے۔ ذرائع کی اطلاع کے مطابق وزیراعظم کے ساتھ وزیر خارجہ بلاول بھٹو بھی شریک ہوں گے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس کے موقع پر امریکی صدر کی جانب سے دیئے جانے والے غیر ملکی سربراہان مملکت اور حکومت کے اعزاز میں دیئے جانے والے اس عشائیہ میں بڑے محدود دعوت نامے ہر ملک کو دیئے جاتے ہیں ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کیلئے صرف دو کارڈ جاری کئے ہیں ایک وزیراعظم اور دوسرا کارڈ وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی شرکت کیلئے خیال کیا جا رہا ہے۔ سابق صدر پرویزمشرف کے دوراقتدار میں صدر جارج بش اور صدر مشرف کی خفیہ ملاقات امریکی صدر کی جانب سے دیئے جانے والے ایسے ہی عشائیہ کے دوران بڑے انتظامات اور محتاط طریقے سے ہوئی تھی اور اس ملاقات کا راز افشا ہونے پر ایک عرصہ تک طویل تبصروں، انکشافات اور تفصیلات کا سلسلہ چلتا رہا۔ اس عشائیہ میں میزبان امریکی صدر بھی مہمانوں کے درمیان موجود رہتے ہیں وزیراعظم شہباز شریف فوڈ سیکورٹی کے موضوع پر ہونے والی اہم کانفرنس میں شرکت کے علاوہ ایرانی صدر، ترکی کے صدر، سپین اور دیگر ممالک کے ہم منصب قائدین سے ملاقاتیں کریں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی مزید دو اہم ملاقاتوں میں آئی ایم ایف کے سربراہ اور ورلڈ بینک کے صدر سے ملاقاتیں شامل ہیں جو نیویارک میں ہی ہوں گی۔ وزیراعظم کے دورے کی مصروفیات اور ملاقاتوں کے پروگرام کو فی الوقت خفیہ رکھا جا رہا ہے۔ امریکی صدر کے استقبالیہ میں مدعو دو پاکستانی شخصیات یعنی وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے ساتھ کوئی سیکورٹی یا سفارتی یا ماتحت عملہ ساتھ نہیں ہوگا۔ وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے ہمراہ نیو یارک کے ایک ہوٹل میں مقیم ہوں گے۔ جبکہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو اور ان کی ٹیم نیو یارک کے کسی دوسرے ہوٹل میں مقیم ہوں۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو مسلم ملکوں کی تنظیم اور او آئی سی کے رابطہ گروپ کے اجلاس کی صدارت کریں گے اور 18ستمبر کو نیو یارک پہنچ کر اپنی مصروفیات اور ملاقاتوں کا آغاز کریں گے۔ وہ دنیا کے نوجوان وزرائے خارجہ کی ایک کانفرنس میں شریک بھی ہوں گے اور نئی نوجوان نسل کے ان وزرائے خارجہ سے مستقبل کی ذمہ داریوں اور نوجوان نسل کے کردار کے بارے میں تجاویز بھی پیش کریں گے۔ یہ کانفرنس وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی تحریک اورکوششوں سے منعقد کی جارہی ہے۔ وزیرخارجہ بلاول بھٹو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران متعدد ہم منصبوں سے ملاقاتوں اورمصروفیات کے بعد 24ستمبر کو واشنگٹن جائیں گے اور وہاں بعض اہم ملاقاتوں کا پروگرامز ہے پاکستانی سفارتخانہ واشنگٹن اس بارے میں بالکل خاموش ہے۔