• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ و رکھنی میں فوڈ اتھارٹی کی کارروائیوں میں31مراکز کو جرمانہ

کوئٹہ(خ ن)ناقص خوراک کی تیاری و فروخت اور فوڈ بزنس لائسنس کی عدم دستیابی پر بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کوئٹہ شہر سمیت مختلف اضلاع میں کارروائیاں جاری ہیں ۔ اس سلسلے میں معائنہ ٹیموں نے کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 21 جبکہ رکھنی ضلع بارکھان میں 10 کھانے پینے کے مراکز پر جرمانے عائد کردئیے ۔ بی ایف اے کوئٹہ ہیڈ کوارٹرحکام کے مطابق ایس او پیز کی خلاف ورزی اور غیر صحت بخش اشیاء کی تیاری و فروخت پر سرکی روڈ میں 7 ، شاوکشاہ روڈ اور سمنگلی میں ایک معروف ہوٹل سمیت 2 ، جتک اسٹاپ سیٹلائٹ ٹاؤن میں 2 بیکنگ یونٹس کو جرمانہ کیا گیا ۔ اسی طرح دودھ میں ملاوٹ کرنے پر بی ایف اے کی ملک سیفٹی ٹیم کی جانب سے کلی فیروز آبادسبزل روڈ میں 3 ملک شاپس کے خلاف ایکشن لیا گیا جبکہ فوڈ بزنس لائسنس کی عدم دستیابی پر علمدار روڈ میں 7 متفرق مراکز پر جرمانے عائد کئے گئے ۔ جرمانہ کئے گئے مراکز کے مالکان کو بی ایف اے حکام کی جانب سے بارہا بی ایف اے سے لائسنس حاصل کرنے کی تنبیہ کی گئی تھی۔ واضح رہے کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی ایکٹ 2014 کے تحت اشیاء خوردونوش کے کاروبار کیلئے فوڈ بزنس لائسنس کا حصول لازمی ہے جس کے بغیر خوردنی اشیاء کی تیاری و فروخت کی ہر گز اجازت نہیں ، اس ضمن میں بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے مراکز مالکان کو بذریعہ اخبارات و سوشل میڈیا بارہا تنبیہ کی جاچکی ہے جبکہ اس حوالے سے فوڈ سیفٹی ٹیمیں دوران معائنہ بھی مراکز مالکان کو ہدایات دی رہی ہیں ۔ علاوہ ازیں بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی ڈویژنل فوڈ سیفٹی ٹیم نے رکھنی میں ڈائریکٹر شراف الدین کی سربراہی میں حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر 10 مراکز پر جرمانے عائد کردئیے ۔ جرمانہ کئے گئے مراکز میں 3 ہوٹلوں کے خلاف کچن میں گندگی و ورکرز کی ذاتی صفائی کی خراب حالت ،صارفین کو آلودہ و ٹوٹے ہوئے برتنوں میں خوراک کی فراہمی ، کھانے غیر صحت بخش حالات میں ذخیرہ کرنے اور پکوان میں مضر صحت رنگوں کی آمیزش پر ایکشن لیا گیا ، 2 جنرل اسٹورز سے زائد المیعاد پابندی عائد خوردنی مصنوعات برآمد ہوئیں جبکہ دیگر مراکزمیٹ شاپس ، بیکرز ، کولڈرنک کارنرز ، پکوڑے و سموسہ کی دکان کو گزشتہ ہدایات کے باوجود فراہم کردہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر جرمانہ کیا گیا۔ مراکز مالکان کو ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے اور فوڈ بزنس لائسنس حاصل کرنے کی ہدایت کی گئی ، بعدازاں کارروائیوں کے دوران مراکز سے برآمد شدہ ناقص ، زائد المیعاد و ممنوعہ اشیاء تلف کر دیں ۔