پاکستانی کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں تاریخ رقم کردی۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سات میچز کی سیریز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان نے انگلینڈ کو 10 وکٹوں ہرایا۔
اس میچ میں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے اور قومی ٹیم کے سامنے 200 رنز کا بڑا ہدف رکھ دیا۔
پاکستانی کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کے بلے سے رنز اگلے اور اگلتے ہی چلے گئے، یہاں تک کہ دونوں نے ڈبل سنچری پارٹنرشپ بناکر انگلینڈ کو 10 وکٹوں سے ہرا ڈالا۔
خیال رہے کہ یہ پہلا موقع تھا جب کسی بھی بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی میچ میں کسی ٹیم نے 200 یا اس سے زائد کا ہدف بغیر کوئی وکٹ گنوائے حاصل کرلیا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بھی سب سے کم وکٹیں گنوا کر 200 یا اس سے زائد رنز کا ہدف حاصل کرنے کا اعزاز بھی پاکستان کے پاس تھا۔
پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف 204 رنز کا ہدف صرف ایک وکٹ گنوا کر پورا کرلیا تھا۔
اس میچ میں بھی بابر اعظم نے سنچری بنائی اور رضوان کے ساتھ مل کر 197 رنز کی پارٹنرشپ بنائی تھی۔
قومی ٹیم نے یہ میچ 9 وکٹوں سے جیتا تھا، اور اُس وقت یہ سب سے کم وکٹیں گنواکر 200 یا اس سے زائد رنز کا ہدف حاصل کرنے کا ریکارڈ تھا۔