اولڈہم (پ ر ) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما سجاد خان حضروی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم حکومت کو آتے ہی یکے بعد دیگرے کئی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا جن میں سر فہرست ملک کی ڈانواں ڈول معیشت ہے جو نیازی حکومت میں وینٹی لیٹر پر چل رہی تھی، اس نے اپنا چل چلاؤ دیکھتے ہوئے آئی ایم ایف سے کی گئی ڈیلز کی خلاف ورزی کی جس کا نتیجہ ابتر معاشی صورت میں نکلا۔ وہ اولڈہم ٹائون سنٹر میں اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ کے بعد سابقہ میئر اولڈہم کونسلر فدا حسین کی رہائش گاہ پر مختلف سیاسی وفود سے ملاقات میں اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ معیشت کو وینٹی لیٹر سے ہٹانے اور اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے پی ڈی ایم حکومت کو بادل نخواستہ بہت مشکل فیصلے کرنے پڑے، نئی ڈیلز کرنا پڑیں جس کے نتیجے میں مہنگائی بے حد بڑھ گئی مگر یہ عارضی ہے اور بہت جلد معیشت مستحکم ہو کر مہنگائی کم ہو جائے گی۔انہوں نے نواز شریف سے براہ راست اپنی ملاقات کے حوالے سے کہا کہ وہ تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں اور بہت جلد اپنے عوام کے درمیان ہوں گے اور پھر بھر پور طریقے سے اگلے قومی الیکشن میں حصہ لیں گے، وہ مہنگائی کی اس صورت حال سے بہت ناخوش ہیں مگر مجبوری ہے کہ اس کے سوا کوئی چارہ نہیں۔ انہوں نے لندن سے ابرڈین کے ساحل تک اپنی بھر پور پذیرائی کرنے پر تمام پاکستانی کمیونٹی بالخصوص کشمیریوں اور چھاچھیوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔ ملاقات کرنے والوں میں کونسلر عقیل احمد، ابرار خان نون، اقبال خان نون، پاسبان صحابہ برطانیہ کے چیئرمین محمد عمر توحیدی اور دیگر شامل تھے۔