کراچی (نیوز ڈیسک) نومنتخب برطانوی وزیر اعظم لز ٹرس اسرائیل میں اپنا سفارت خانہ تل ابیب سے مقبوضہ بیت المقدس منتقل کرنے پر غور کر رہی ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ کی وزیراعظم لز ٹرس نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر اسرائیلی وزیراعظم یائر لاپیڈ سے ملاقات میں بتایا کہ ان کی حکومت اسرائیل میں برطانوی سفارت خانے کو تل ابیب سے مقبوضہ بیت المقدس منتقل کرنے پر غور کر رہی ہے۔ ملاقات کے بعد وزیراعظم یائر لیپیڈ نے برطانوی وزیراعظم لز ٹرس کو اپنی ٹوئٹ میں اسرائیل دوست قرار دیتے ہوئے لکھا کہ برطانوی سفارت خانے کی تل ابیب سے مقبوضہ بیت المقدس منتقلی کے لیے غور کرنے پر ان کا شکر گزار ہوں۔ اسرائیلی وزیر اعظم نے اپنی ٹوئٹ میں اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ اتحادی ہونے کی حیثیت سے دونوں ممالک اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گے۔