• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مختلف رنگ کے کوڑا دان ماڈل اسٹریٹ میں نصب کئے جائیں گے، رئوف آفریدی

پشاور (خصوصی نامہ نگار) پیس اینڈ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (پیڈو) نے نارویجن چرچ ایڈ (این سی اے) کے مالی تعاون سے واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) کو آلات حوالے کر دیئے جن میں پانی صاف کرنے کا ایک آٹو کلوری نیٹر، لیکیج کا سراغ لگانے کا آلہ اور 18 مختلف رنگوں کے کوڑا دان شامل ہیں۔ آلات پیڈو کے نمائندے رئوف آفریدی نے جنرل منیجر آپریشن ریاض احمد خان کے حوالے کئے اس موقع پر زونل منیجر طارق عزیز، این سی اے کے نمائندے مظہر علی اور ڈبلیو ایس ایس پی سی ایل سی کے کوآرڈی نیٹر عبید اللہ بھی موجود تھے۔ایک آلے سے پانی پائپ لائن لیکیج کا پتہ لگایا جائے گا جبکہ دوسرے سے خود کار طریقے سے پانی صاف کیا جائے گا۔ مختلف رنگ کے کوڑا دان ماڈل سٹریٹ میں نصب کئے جائیں گے جن میں الگ الگ کوڑا ڈالا جائے گا اس مقصد کے لئے ماڈل سٹریٹس کے رہائشیوں کو کوڑا کرکٹ کو الگ الگ کوڑا دانوں میں ڈالنے کے لئے آگاہی دی گئی ہے۔ جنرل منیجر آپریشن ریاض احمد خان نے آلات کی فراہمی پر پیڈو اور این سی اے کے تعاون کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ دونوںادارے مستقبل میں بھی شہری خدمات میں بہتری لانے کے لئے ڈبلیو ایس ایس پی کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو معیاری خدمات اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں دیگر اداروں کے ڈبلیو ایس ایس پی کے ساتھ تعاون سے خدمات کی فراہمی میں مزید بہتری آئے گی۔ اس موقع پر پیڈو اور ڈبلیو ایس ایس پی کے باہمی اشتراک کو بڑھانے کے لئے مفاہمتی یاداشت پر دستخط بھی کئے گئے۔
پشاور سے مزید