کراچی(عبدالماجد بھٹی،اسٹاف رپورٹر) کراچی میں چار ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل میں پاکستان کی تاریخ میں تماشائیوں کی سب سے بڑی اور ریکارڈ ساز تعداد آنے کے بعد لاہور میں بدھ،جمعے اور اتوار کو ہونے والے تینوں میچوں کے تمام ٹکٹ ایڈوانس میں فروخت ہوگئے ہیں اور اب ٹکٹ نایاب ہوگئے ہیں۔کراچی میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کراچی کے تماشائیوں نے منظم انداز میں میچ دیکھےاور زبردست جوش وخروش کا مظاہرہ کیا اور ریکارڈ تعداد میں گراؤنڈ آکر میچ دیکھا۔پی سی بی کو گیٹ منی سے تقریباً پانچ کروڑ روپے کی آمدنی ہوئی پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعداد و شمار کے مطابق چار ٹی ٹوئنٹی میچوں کو ایک لاکھ 26ہزار550تماشائیوں نے دیکھا۔ پاکستان کی تاریخ میں ایک سیریز میں ایک سینٹر پراس سے قبل اتنی بڑی تعداد میں تماشائی میچ دیکھنے نہیں آئے۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ کراچی میں ہونے والے میچوں کا مجموعی ٹرن آؤٹ 95.3 فیصد رہا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا کہ پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل گیٹ منی سے ایک کروڑ تیس لاکھ سیلاب زدگان کے فنڈ میں دیے،پی سی بی نےکہا ہے کہ کراچی میں ملنے والی سپورٹ پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔ نیشنل اسٹیڈیم میں 33ہزار 165تماشائی میچ دیکھ سکتے ہیں۔نیشنل اسٹیڈیم میں پہلے میچ کو 31ہزار 962دوسرے میچ کو 30ہزار 325تیسرے میچ کو31ہزار 103اور آخری میچ کو 33ہزار 160تماشائیوں نے میچ دیکھا۔