اسلام آباد (نمائندہ جنگ) سابق وزیراعظم و چیئرمین تحریک انصاف عمران خان جوڈیشل مجسٹریٹ زیبا چوہدری سے معذرت کرنے کیلئے ان کی عدالت پہنچ گئے،عدالتی عملہ نے بتایا کہ زیبا چوہدری صاحبہ رخصت پرہیں ،پیغام پہنچا دینگے، چیئرمین پی ٹی آئی نے بتایا کہ آپ گواہ رہنامیں آیاتھا۔
عمران خان جوڈیشل مجسٹریٹ زیبا چوہدری کی عدالت پہنچے تاہم پولیس نے خاتون جج کا کمرہ بند کر دیا اور انہیں بتایا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ زیبا چوہدری رخصت پر ہیں۔
عمران خان نے ریڈر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے زیبا چوہدری صاحبہ کو بتانا ہے کہ عمران خان آئے تھے۔
چیئرمین تحریک انصاف کا مزید کہنا تھا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ زیبا چوہدری سے معذرت کرنے کیلئے آیا ہوں، ریڈر آپ گواہ رہنا، زیبا چوہدری صاحبہ کو بتانا کہ اگر ان کی دل آزاری ہوئی ہو تو عمران خان معذرت کرنے آئے تھے۔
عدالتی عملہ نے کہا کہ آپ کا پیغام پہنچا دیں گے جس کے بعد عمران خان واپس روانہ ہوگئے ۔