بین الاقوامی ایوارڈ یافتہ پاکستانی فلم ’جوائے لینڈ‘ کو پاکستانی اکیڈمی سلیکشن کمیٹی نے آسکر ایوارڈز کے لیے نامزد کیا ہے۔
صائم صادق کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم جوائے لینڈ کو95 ویں اکیڈمی ایوارڈز کے لیے انٹرنیشنل فیچر فلم ایوارڈ کیٹیگری کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔
21 دسمبر تک اکیڈمی آف موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنسز کی جانب سے تمام ایوارڈز کیٹیگریز کے لیے حتمی فہرست جاری کردی جائے گی۔
آسکر کے نامزدگیوں کی مکمل اور حتمی فہرست کا اعلان 24 جنوری کو کیا جائے گا، جبکہ 12 مارچ کو 95 ویں اکیڈمی ایوارڈز کے لیے پریزنٹیشن شو ہوگا۔
واضح رہے کہ رواں سال آسکر کمیٹی میں دو بار اکیڈمی ایوارڈ اور ایمی ایوارڈ یافتہ فلمساز شرمین عبید چنائے، گلوکار علی سیٹھی، رائٹر عمر شاہد حامد، فلم نقاد رافع محمود، اداکارہ و فلمساز ثمینہ احمد، پروڈیوسر جرجی سیجا، اسکرین رائٹر اور ہدایت کار بی گل، ڈیزائنر رضوان بیگ، سینماٹوگرافر مو اعظمی اور اداکارہ زیبا بختیار شامل ہیں۔
کمیٹی کی چیئرپرسن شرمین عبید چنائے نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اکیڈمی ایوارڈ میں مقابلے کیلئے ہم اپنی بہترین فلم کو بھیج رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’جوائے لینڈ‘ ہمیں امید دلاتی ہے کہ پاکستانی سینما بالآخر عالمی اسٹیج پر اپنا مقام بنا رہا ہے۔
’جوائے لینڈ ‘کا پریمئیر رواں برس فرانس میں منعقدہ کانز فلمی میلے میں ہوا جہاں اسے شاندار پذیرائی ملی اور فلم نے کانز میلے میں دو اعزازات” جیوری ایوارڈ “اور” کویر پام “حاصل کئے۔
فلم کی کہانی میں ٹرانسجینڈرز کی زندگی کے واقعات کو اجاگر کیا گیا ہے جبکہ جوائے لینڈ کی کاسٹ میں علی جونیجو،راستی فاروق، علینہ خان، ثانیہ سعید، ثروت گیلانی۔ سُہیل سمیر اور سلمان پیر شامل ہیں۔