کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)ڈایوسیس آف کراچی و بلوچستان کے بشپ فریڈرک جان نےکرسچن اسپتال کے گزشتہ 20 سال کا آڈٹ کرانے کامطالبہ کرتے ہوئے اسپتال میں خواتین ، پادریوں اور دیگر کو حملہ کرکے زخمی کرنے کی مذمت کی ہے،یہ بات انہوں نے اتوار کو ریاض مسیح ،پادری سائمن بشیر ،پادری فیاض یونس ،سابق رکن بلوچستان اسمبلی انیتا عرفان دیگرکے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ اکتوبر 2021 میں ہماری ڈایوسیس میں بشپ کے الیکشن ہو ئے تھے اور پشپ فریڈرک جان بھاری اکثریت سے بشپ منتخب ہوئے تھے اور اکتوبر 2021 سے تاحال ہماری ڈایوسیس کے بشپ ہیں اور تمام ادارے ان کے زیر سایہ کام کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کر سچن ہسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر اپنی سروس مکمل کر نے کے بعد ریٹائرڈ ہو گئے ہیں ان کی جگہ کر چی و بلو چستان ڈایو سیس کی ایگزیکٹیو کمیٹی نے ڈاکٹر سڈنی ثناءاللہ بھر گڑی کو نیا ایم ڈی تعینات کیا، انہوں نے کہاکہ یکم اکتوبر کو جب بشپ اپنے پادریوں اور دیگر سینئر چرچ ارکان کے ہمراہ نئے ڈائریکٹر کو چارج دینے گئے تو اس وقت اسپتال کے چند لوگوں نے ہماری خواتین ، پادریوں اور دیگر ارکان پرحملہ کرکے انہیں زخمی کردیا زخمیوں میں ایس ایس پی ٹریفک پولیس عرفان بشیر بھی شامل ہیں ۔ انہو ں نے کہا کہ مذکورہ لوگوں نے ہسپتال کو ذاتی جاگیر بنایا ہوا تھا اور کلیسا کے غریب مسیحیوں کو ہمیشہ تنگ کرنا ان کا وتیرہ تھا ہم اپنے مذہبی رہنمائوں کلیساکے سنیئر ارکان اور خواتین کے ساتھ بدتمیزی اور انہیں شدید زخمی کرنے کی مذمت کرتے ہیں اور حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کرسچن ہسپتال کا گزشتہ20 سال کا آڈٹ کرایا جائے ۔