• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

57؍ فیصد عوام موسمیاتی تبدیلی کی اصطلاح سے لاعلم، سروے

کراچی (نیوز ڈیسک) پاکستان میں مون سون بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کودنیا بھرکے ماہرین موسمیاتی تبدیلیوں کا نتیجہ قرار دے رہے ہیں ۔ لیکن 57فیصد پاکستانی اس مسئلے کی سنجیدگی سے لاعلم دکھائی دیےاور موسمیاتی تبدیلیاں کیا ہیں اس بارے میں کچھ نہ جاننے کا کہا۔ بیشتر نے ملک میں حالیہ سیلابی صورتحال کی بڑی وجہ بھی ڈیمز نہ بننے کو قرار دیا۔ اس بات کا انکشاف اپسوس پاکستان کے سروے میں ہوا۔ جس میں ملک بھر سے 1 ہزار سے زائد افراد نے حصہ لیا۔یہ سروے 7؍ سے 12؍ ستمبر کے درمیان کیا گیا۔ سروے میں 57 فیصد پاکستانی اس بارے میں مکمل لاعلم دکھائی دیے کہ موسمیاتی تبدیلی آخر ہے کیا، البتہ 43 فیصد نے اس بارے میں آگہی رکھنے کا اعتراف کیا۔ 29؍ فیصد نے اس معاملے کو مسئلہ تسلیم کرنے سے انکار کر دیا جبکہ 21؍ فیصد نے اسے چھوٹا مسئلہ قرار دیا۔ تاہم، 29؍ فیصد نے موسمیاتی تبدیلیوں کو سنجیدہ مسئلہ قرار دیا جبکہ 21؍ فیصد نے اوسط مسئلہ بتایا۔ پاکستان میں سیلاب آنے کی بڑی وجوہات کے سوال پر 28؍ فیصد عوام نےڈیمز تعمیر نہ ہونے کو سیلاب کی بڑی وجہ قرار دیا۔ 25؍ فیصد نے حکومتی منصوبہ بندی کے فقدان، جبکہ 20؍ فیصد نے غیر معمولی بارشوں اور طویل مون سون کو سیلابی صورتحال کی اہم وجہ قرار دیا۔ صرف 7؍ فیصد پاکستانیوں نے موسمیاتی تبدیلیوں کو ملک میں سیلاب کی بڑی وجہ قرار دیا۔
اہم خبریں سے مزید