• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رواں سال اب تک 33000 افراد چینل کراس کرچکے ہیں

لندن (پی اے) وزارت دفاع کے مطابق رواں سال اب تک کم وبیش32,807 ہزار افراد چینل کراس کر کے برطانیہ میں داخل ہوچکے ہیں رپورٹ کے مطابق جمعرات کو 10کشتیوں کے ذریعہ 499افراد چینل کراس کر کے برطانیہ پہنچے اس طرح رواں سال برطانیہ پہنچنے والے غیر قانونی امیگرنٹس کی تعداد 32,807 ہوگئی۔ اس حوالے سے جو ویڈیو جاری کی گئی ہے، اس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ حفاظتی نقطہ نگاہ سے بچوں کو کمبل میں لپیٹ لیا گیا تھا اور دیگر امیگرنٹس اپنا سامان سنبھالے ہوئے تھے۔ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق ستمبر کے مہینے میں 7,767افراد چینل کراس کر کے برطانیہ میں داخل ہوئے۔ سابق وزیر داخلہ پریتی پٹیل کی جانب سے امیگرنٹس کو روانڈا بھیجنے کی ڈیل ہوجانے کے اعلان کے بعد سے اب تک 27,539افراد چینل کراس کر کے برطانیہ پہنچ چکے ہیں۔ ریفیوجی کونسل کی جانب سے جمعہ کو شائع کی جانے والی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال غیر قانونی طورپر برطانیہ میں داخل ہونے والے 233 بچوں میں سے 94فیصد ایسے بچوں کی کونسل نے دیکھ بھال کی، جن کو غلط طورپر 18سال سے زیادہ کا ظاہر کردیا گیا تھا، ان بچوں میں صرف 14بالغ تھے۔ چیرٹی کا کہنا ہے کہ غلط طورپر بالغ ظاہر کر کے روانڈا بھیجے جانے کیلئے حراستی کیمپ میں بچوں کو بھیجنے کی مزاحمت کررہی ہے۔ ہوم آفس کا کہنا ہے کہ بچوں کی عمر کا تعین کرنا ایک بہت مشکل کام ہے اور اس چیکنگ کیلئے قانونی اصلاحات کی جائیں گی تاکہ عمر کا تعین سائنسی طریقہ کار کے تحت زیادہ درست طریقے سے کیا جاسکے۔ دریں اثناء اس مہینے 227 غیر ملکی مجرموں اور 306 امیگرنٹ مجرموں کو ان کے وطن رومانیہ اور زمبابوے واپس بھیج دیا گیا، ان لوگوں میں البانیہ کے84مجرم بھی شامل تھے۔ ان لوگوں میں ایک شخص کشتی کے ذریعہ چینل کراس کر کے برطانیہ میں داخل ہوا تھا۔ نئی وزیر داخلہ سوئیلا بریورمین نے کہا ہے کہ حکومت ہمارے ملک کے قانون توڑنے والوں اور غیرقانونی طورپر برطانیہ میں داخل ہونے کو قطعی برداشت نہ کرنے کی پالیسی پر کاربند ہے۔
یورپ سے سے مزید