پاکستان میں کرکٹ کا کھیل ایک طرح سے قومی کھیل کی شکل اختیار کرگیا ہے جس نے پوری قوم کو اپنے حصار میں لے رکھا ہے۔ نئے دور میں جدید کرکٹ کی سنسنی خیزی سے متاثر نوجوان اس کھیل میں اس لئے بھی دلچسپی لے رہے ہیں کہ محلے سے لے کر قومی سطح تک کرکٹ کے مقابلوں میں کھلاڑیوں کو زر نقد کے حصول کی کشش دکھائی دیتی ہے۔ جس کی وجہ سے نوجوان کما بھی رہےہیں اور کھیل کا شوق بھی پورا کر رہے ہیں۔اس طرح روز بروز اس کی مقبولیت میں اضافہ ہی ہورہا ہے۔ قابل غور چیز یہ ہے کہ نئے آنے والے کھلاڑی اپنی ذاتی محنت کے بل بوتے پر سامنے آتے ہیں ان کی تربیت اور صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے قومی سطح کی کوئی اکیڈمی نہیں تاہم پی ایس ایل شروع ہونے کے بعد سے اس پروگرام میں شامل فرنچائزز نے اپنے کھلاڑیوں کی کوچنگ کے لئے پروگرام ترتیب دیئے ہیں جن سے نئے نئے کھلاڑی قومی ٹیم کا حصہ بن کر عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کررہے ہیں۔ ضرورت تھی کہ قومی ٹیم کو عالمی معیار کے نئے کھلاڑی میسر آتے رہیں جس کے لئے بنیادی سطح پر کھلاڑیوں کا تربیتی پرگرام متعارف کروایا جائے۔ خوش آئند بات ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس طرف توجہ کی اور قومی کرکٹ کا مستقبل بہتر بنانے کے لئے اسکول کرکٹ پروگرام شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اپنی طرز کا پہلا پروگرام ہے جو ملک بھر میں چلایا جائے گا۔ اس پروگرام سے اسکول کرکٹ بحال ہو گی جس میں بعد ازاں گرلز اسکولوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔ چیئرمین کرکٹ بورڈ رمیز راجہ کے مطابق بورڈویمن کرکٹ لیگ بھی جلد شروع کرنے جا رہا ہے، امید کی جانی چاہئے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا یہ اقدام انقلاب آفریں ثابت ہوگا جس سے کرکٹ کے کھیل اور کھلاڑیوں کا مستقبل تابناک اور روشن ہوگا!
اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998