کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)میٹرو پولیٹن کارپوریشن تنظیمی اتحاد کوئٹہ کے زیر اہتمام تین ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی و دیگر مطالبات کے حق میں ریلی نکالی گئی اورمظاہرہ کیاگیا۔ ملازمین نے کچرے سے بھری گاڑیاں میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے مین گیٹ کے سامنے کھڑی کردیں۔ میٹرو پولیٹن کارپوریشن تنظیمی اتحاد کوئٹہ کے زیر اہتمام جاری احتجاج کے آٹھویں روز یونین رہنما حضرت خان ، منظور خان ، نصیب اللہ ، علی نواز رئیسانی ، حبیب الرحمٰن ، بشیر احمد اور دیگر کی قیادت میں ملازمین و پنشنزر نے ریلی نکالی جس میں خواتین ملازمین نے بھی شرکت کی ، ریلی کے شرکا کوئٹہ پریس کلب کے سامنے پہنچے جہاں مظاہرہ کیا گیا ، مقررین نے کہا کہ تین ماہ سے تنخواہیں بند ہیں جس کی وجہ سے ملازمین شدید مالی مشکلات سے دوچار ہیں ہمارے گھروں میں فاقے چل رہے ہیںپنشنرز بھی تین ماہ سے پنشن کے لئے پریشان ہیں انہوں نے کہا کہ سرکاری محکموں کو مفلوج کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ، میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے ملازمین گزشتہ ایک سال سے فنڈز کے اجرا کیلئے سراپا احتجاج ہیں لیکن متعلقہ حکام کی جانب سے کوئی شنوائی نہیں ہورہی ،گرانٹ کی عدم ادائیگی کے باعث مشکلات میں اضافہ ہورہا ہے ،یقین دہانی کے باجود میٹرو پولیٹن کی گرانٹ جاری نہیں کی جارہی انہوں نے کہا کہ ملازمین کی تنخواہیں ، گریجوٹی اور ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن جلد ادااور دیگر مطالبات پر عمل کیا جائےملازمین کے حقوق کے لئے جدوجہد سے ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے، بعدازاں ملازمین میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے سبزہ زار پر پہنچ کر پرامن طور پر منتشر ہو گئے ۔