• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: بلدیہ کے گھر سے برآمد بھاری اسلحہ نجی اسکول سے چوری ہوا


بلدیہ ٹاؤن کراچی کے گھر سے برآمد ہونے والے اسلحہ جو ایک نجی اسکول سے چوری ہوا تھا
بلدیہ ٹاؤن کراچی کے گھر سے برآمد ہونے والے اسلحہ جو ایک نجی اسکول سے چوری ہوا تھا

کراچی میں بلدیہ ٹاؤن کے علاقے گلشنِ غازی میں 1 گھر سے برآمد شدہ بھاری اسلحہ سعید آباد کے ایک نجی اسکول سے چوری شدہ تھا جو اسکول کے پرائیویٹ سیکیورٹی گارڈز چھٹی کے بعد اسکول میں مقفل کر کے جاتے تھے۔

ضلع کیماڑی کے قائم مقام سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس کیپٹن ریٹائرڈ فیضان کے مطابق گزشتہ روز اتحاد ٹاؤن پولیس کے ہاتھوں گرفتار ملزم عمران علی اسلحے کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث نہیں نکلا اور نہ ہی وہ دہشت گرد ہے بلکہ وہ گھروں میں تالے توڑ کر چوری کی وارداتیں کرنے والا عادی جرائم پیشہ ہے۔

کیپٹن فیضان کے مطابق خفیہ اطلاع پر کی گئی کارروائی میں 3 ڈبل بیرل 12 بور رائفلز، کارتوس اور موبائل فون کی برآمدگی کے حوالے سے ملزم سے تفتیش کی گئی تو انکشاف سامنے آیا کہ ملزم نے یہ اسلحہ 24 ستمبر کی رات سعید آباد تھانے کی حدود میں واقعہ کریسنٹ پبلک اسکول میں گھس کر الماری توڑ کر چوری کیا تھا۔

واقعے کی ایف آئی آر نمبر 501/22 شمیم اختر کی مدعیت میں سعید آباد تھانے میں درج ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق اسکول میں سیکیورٹی پر تعینات پرائیویٹ گارڈز ڈیوٹی ختم کر کے گھر جاتے تھے تو اسلحہ اسکول میں موجود الماری میں مقفل کر کے جاتے تھے۔

ملزم علاقے میں بند گھروں کے تالے توڑ کر وارداتیں کرتا رہا ہے، اسی طرح اسکول میں بھی واردات کی تو بھاری اسلحہ اس کے ہاتھ لگ گیا۔

ایس پی کیپٹن فیضان کے مطابق برآمد کیے گئے 22 موبائل فونز ملزم نے مختلف مقامات سے چوری کیے تھے۔

قومی خبریں سے مزید